• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 63 افراد کا انتقال، اموات 13 ہزار 76 تک پہنچ گئیں

شائع March 4, 2021
پاکستان میں گزشتہ دو روز میں اموات میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: فہیم صدیقی/ وائٹ اسٹار
پاکستان میں گزشتہ دو روز میں اموات میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: فہیم صدیقی/ وائٹ اسٹار

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ دو روز میں ملک میں اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران کیسز کی تعداد میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم کئی روز سے کیسز کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے ایک ہزار 500 کے درمیان ہی ریکارڈ ہورہی ہے جبکہ اموات بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے آغاز کے بعد وفاقی سطح پر ایک نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو ملک میں کورونا وائرس کی تمام صورتحال اور اعداد و شمار سے متعلق آگاہ کرتا ہے۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالیں تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 519 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 435 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 63 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 76 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اس وائرس سے 75 افراد کا انتقال ہوا تھا جو 3 ماہ بعد یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔

تاہم کیسز اور اموات کے علاوہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94.8 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں 987 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 55 ہزار 242 ہوگئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں، لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار طریقے سے کھولا گیا۔

اگر پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کو صوبوں اور علاقوں میں تقسیم کریں تو 4 مارچ کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 225 افراد کو متاثر کیا جبکہ 16 افراد انتقال بھی کرگئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز 2 لاکھ 58 ہزار 904 ہوگئے اور اموات 4 ہزار 388 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 796 افراد کو متاثر کرنے اور 39 کی زندگیاں لینے کا سبب بنا۔

یوں پنجاب میں مجموعی کیسز ایک لاکھ 74 ہزار 191 اور اموات 5 ہزار 480 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں عالمی وبا کے 206 نئے کیسز اور 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 73 ہزار 7 اور اموات 2 ہزار 96 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 8 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 84 اور اموات 200 ہیں۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 231 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 افراد اس وبا سے انتقال بھی کرگئے۔

جس کے بعد وہاں اگر مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 44 ہزار 921 اور اموات 503 تک پہنچ گئی ہیں۔

آزاد کشمیر

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

یوں وہاں مجموعی کیسز 10 ہزار 371 اور اموات 307 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں مجموعی کیسز 4 ہزار 957 اور اموات 102 ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں ایک مریض سامنے آیا جبکہ کسی فرد کا وائرس سے انتقال نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024