پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کیلئے ممکنہ منصوبہ تیار
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 ملتوی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیگ کے بقیہ میچوں کے انعقاد کے لیے ابتدائی پلان تیار کرلیا۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی سربراہی میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا اجلاس ہوا جہاں بقیہ میچز تین ممکنہ مہینوں مئی، جون یا ستمبر میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز مکمل طور پر پاکستان کے کسی ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
اجلاس میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچوں کے لیے بائیوسیکیور ببل کو آؤٹ سورس اور ماہرین سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کی تمام تجاویز اور سفارشات اور ابتدائی پلان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوادیا گیا ہے جس کی منظوری کے بعد پی سی بی تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کے بعد حتمی پلان منظور کرے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے کے بعد اب ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے پی سی بی کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ قومی ٹیم رواں برس مئی اور ستمبر کے علاوہ پورے سال مصروف ہو گی۔
اپریل میں پاکستان ٹیم کے دورہ زمبابوے کے بعد مئی میں پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے موقع موجود ہے لیکن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے غیر ملکی اسٹار کھلاڑیوں کرس گیل، فاف ڈیوپلیسی، راشد خان، ڈیوڈ ملر اور دیگر کئی بڑے نام دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی ایس ایل حکام کو اس صورت میں لیگ کا انعقاد ان کھلاڑیوں کے بغیر اور ان کے متبادل کے ساتھ کرنا پڑے گا، دوسرا موقع ستمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل موجود ہے۔
پی سی بی حکام آنے والے دنوں میں فرنچائزز سے مشاورت کے بعد لیگ کے بقیہ میچوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ روز پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل کا التوا ہوا، نجم سیٹھی
پی سی بی نے کہا تھا کہ پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوئل اجلاس کے بعد بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔
بعد ازاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 6 کو مناسب تاریخ پر گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے التوا کی تصدیق کرتا ہوں کہ پی ایس ایل 6، نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شائقین، اسٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔