• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان میں تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد کورونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

شائع March 11, 2021
ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین میں سے 94.8 فیصد مریض 
 صحتیاب ہوچکے ہیں —فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی متاثرین میں سے 94.8 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں —فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں ایک جانب ہیلتھ ورکرز کے علاوہ 60 برس سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے تو وہیں وبا کے پھیلاؤ میں بھی تیزی آئی ہے اور گزشتہ روز تقریباً ڈیڑھ ماہ کے عرصے کے بعد کیسز کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات اور صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کیے گئے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وبا کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے گزشتہ روز مختلف پابندیوں میں توسیع کردی تھی جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا تھا۔

ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران تیزی دیکھی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے کیسز میں 2 ہزار 258 کا بڑا اضافہ رپورٹ ہوا جس نے 29 جنوری کے بعد 2 ہزار کی سطح عبور کی اور مزید 53 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 97 ہزار 497 تک جا پہنچی جس میں سے 13 ہزار 377 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 276 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 492 ہوگئی۔

یوں پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 94.8 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 628 رہ گئی ہے تاہم اس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

این سی او سی کی جانب سے 15 مارچ سے انِڈور شادیوں، ڈائننگ اور سینما گھروں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے وبا کی صورتحال کے باعث واپس لے لیا گیا ہے جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں 15 سے 28 مارچ تک تعطیلات دے دی گئی ہیں۔

اگر آج 11 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 256 افراد کو متاثر کیا جبکہ 6 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 406 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 448 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

پنجاب وائرس سے سندھ کے مقابلے میں نسبتاً کم متاثر ہوا ہے تاہم گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے اور گزشتہ روز پنجاب میں کئی ماہ بعد ایک ہزار 290 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 33 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 944 اور اموات 5 ہزار 662 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 289 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 74 ہزار 722 اور اموات 2 ہزار 129 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر تھی لیکن گزشتہ روز وہاں 16 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 157 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 350 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 4 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 46 ہزار 579 تک پہنچ گئے اور اموات 516 ہو گئیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مزید 57 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 2 مریض لقمہ اجل بنے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار 730 ہوگئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 316 تک پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی ہے اور وہاں 6 مارچ کے بعد سے کورونا وائرس کا کوئی کیسز سامنے نہیں آیا البتہ گزشتہ 2 روز کے دوران 2 مریض وفات پاچکے ہیں۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 959 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 104 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024