• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

شائع March 23, 2021
سرکاری و نجی ٹیلی ویژن چینلز پر آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات نشر کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی پی
سرکاری و نجی ٹیلی ویژن چینلز پر آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات نشر کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی پی

ملک بھر میں یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

تحریک پاکستان کے دوران 23 مارچ 1940 وہ دن تھا جب مولوی فضل الحق نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد وطن پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی اور اسی مناسبت سے ہم بحیثیت قوم ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاکستان کی مسلح افواج قرار داد پاکستان کی مناسبت سے پریڈ اور دفاعی طاقت کی نمائش کرتی ہے جس کو یوم پاکستان پریڈ کہا جاتا ہے۔

تاہم اس مرتبہ یوم پاکستان کے موقع پر شیڈول پریڈ موسم کی خرابی کے باعث 25 مارچ تک مؤخر کردی گئی۔

دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی۔

اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ لاہور اور پشاور میں21-21 توپوں کی سلامی کے ساتھ یوم پاکستان کا آغاز ہوا۔

لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

ریڈیو پاکستان کے مطابق ملک میں کورونا وبا کی تیسری لہر کے تناظر میں ایس او پیز کو اپناتے ہوئے مقامی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

تمام بڑی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور یوم پاکستان کے سلسلے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر نے ایک خصوصی ملی نغمہ بھی جاری کیا۔

ایوان صدر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں صدر مملکت عارف علوی مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے لیے شخصیات کو ایوارڈز اور میڈلز دیں گے۔

یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تحریک پاکستان کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔

صدر مملکت و وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یومِ پاکستان پر خصوصی پیغامات جاری کیے۔

سرکاری نیوز ایجنسی ‘اے پی پی’ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط و خوشحال ملک بنانے، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کا سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے پر زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرکے ہم کورونا کی تیسری لہر پر قابو پایا جاسکے۔

قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ہم بانیانِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی خدمات اور قربانیوں سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا قیام ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کو ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس تاریخی دن پر، ہم اپنے معاشرے کو پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے لیے انسانیت دوست، جامع اور روادار بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہدکرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہیں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 7 دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

ترقی پسند، خوشحال ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں، وزیر اعظم عمران خان

ریڈیو پاکستان کے مطابق اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے قانون کی حکمرانی، مساوات اور ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرح ایک انسانی، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک ایسا اہم موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کی بیڑیوں سے خود کو آزاد کرنے کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم کے شکار بے گناہ کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے متعلقہ قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی طور پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

پاکستان سیاسی مسابقت نہیں بلکہ باہمی تعاون کی حمایت کرتا ہے، شاہ محمود قریشی

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن اور استحکام، ترقی اور رابطے کو فروغ دینے والی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیو سیاسی مسابقت میں حصہ لینے کے بجائے پاکستان باہمی تعاون کی حمایت کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے حق خود ارادیت کے حق میں جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لیے پاکستان کی حمایت جاری کرنے کا اعادہ کیا۔

آج عہد کی تجدید کا دن ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ تابناک دن ہے جب مسلمانان برصغیر نے علیحدہ وجود اور الگ پہچان کے ساتھ آگے بڑھنے کے پختہ عزم کا اظہارکیا۔

انہوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ اسی روز علیحدہ وطن کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

شبلی فراز نے کہا کہ آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم پاکستان کو قائد اعظم کے زریں اصولوں کے مطابق فلاحی ریاست بنائیں گے۔

##امریکی صدر کا خصوصی پیغام

امریکا کےصدر جو بائیڈن نے صدر عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکا شراکت داری علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ‘اے پی پی’ کے مطابق یہ بات انہوں نے یومِ پاکستان کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط میں کہی۔ خط میں یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے

امریکی صدر جو بائیڈن نے خط میں کہا کہ مشترکہ چیلنجز خصوصاً افغانستان میں قیامِ امن، کورونا وبا اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024