• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا کی تیسری لہر: عید کی تعطیلات میں پبلک پارکس، ریسٹورنٹس بند رکھنے کا اعلان

شائع April 27, 2021
عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی — فائل فوٹو / وائٹ اسٹار
عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی — فائل فوٹو / وائٹ اسٹار

وزارت داخلہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں کی روشنی میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے این سی او سی کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے حوالے سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ اعتکاف، شب قدر، جمعۃ الوداع اور نماز عید کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) بروقت جاری کیے جائیں گے۔

وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن — شکیل قرار
وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن — شکیل قرار

ملک میں 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی رہے گی، عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ سیاحتی مقامات اور اردگرد کے تمام ریزورٹس، پبلک پارکس، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز اور ہوٹل مکمل بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کا کورونا کی زیادہ شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن پر غور

عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی تاہم گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپس جانے کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح عید کی تعطیلات میں مری، گلیات، سوات، کالام، ساحلی علاقوں اور شمالی علاقہ جات جانے والی سڑکیں بند رہیں گی۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی آتی جارہی ہے جس کے باعث حکومت کی جانب سے ایک بار پھر مختلف بندشیں عائد کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد میں لاپرواہی دیکھی جارہی ہے جو وائرس کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہے۔

ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے حکومت نے سندھ کے علاوہ تینوں صوبوں اور دیگر وفاقی اکائیوں میں فوج کو تعینات کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024