• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

اسٹیٹ بینک کا 8 مئی کو تمام بینکس کھلے رکھنے کا اعلان

شائع May 4, 2021
ہفتہ 8 مئی کو بینکس بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ہفتہ 8 مئی کو بینکس بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں 8 مئی بروز ہفتہ تمام بینکس کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے ایک جاری بیان میں اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز بینک کھلے رکھنے کا فیصلہ ملک میں 10 سے 15 مئی تک عید کی تعطیلات کے باعث کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تمام بینکس/ایم ایف بیز ہفتہ 8 مئی 2021 کو صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک بغیر کسے وقفے کے کھلے رہیں گے۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک کے 13 اپریل کو ماہ رمضان المبارک کے لیے صبح 10 سے شام 4 بجے بینک کے اوقات کار کا اعلان کیا تھا جس میں دوپہر 2 سے سوا 2 بجے نماز کا وقفہ شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت داخلہ کا 10 مئی سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان

تاہم 29 اپریل کو اسٹیٹ بینک نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے فیصلے کے تحت بینکوں کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے پیر سے جمعرات تک بینکوں کے کاروباری اوقات صبح 9 سے ایک بجے تک جبکہ دفتری اوقات صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کردیے گئے تھے۔

جمعہ کو عوام کے لیے بینک کے اوقات صبح 9 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک جبکہ دفتری اوقات صبح 9 سے ایک بجے تک کردیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی وزارت داخلہ کی جانب سے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی سفارش اور وزیراعظم عمران خان کی اجازت سے جاری نو ٹیفکیشن میں ملک بھر میں 10 مئی سے 15 مئی تک عید کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے این سی او سی نے 10 سے 15 مئی تک عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان اور عوام کو گھروں میں رکھنے اور قومی سطح پر نقل و حرکت محدود رکھنے کی حکمت عملی کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے 'این سی او سی' کی ہدایت پر بینکوں کے اوقات تبدیل کردیے

این سی او سی نے کہا تھا کہ اشیائے خورونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، میڈیکل سہولیات/ویکسینیشن سینٹر، پھل سبزی اور گوشت کی دکانوں، بیکریز، پیٹرول پمپس، کھانا خریدنے یا گھر پر منگوانے، یوٹیلیٹی سروسز (گیس، بجلی فون) اور میڈیا وغیرہ کے علاوہ تمام کاروباری مراکز بند رکھے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چاند رات بازاروں بشمول مہندی، جیولری، کپڑوں اور دیگر اشیا کی فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔

سیاحت کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ مقامی اور غیر مقامی افراد کے لیے سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی اور سیاحتی مقامات پر ریزورٹس، تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ بند رہیں گے۔

این سی او سی نے کہا تھا کہ نجی گاڑیوں، ٹیکسیز، رکشوں میں 50 فیصد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ بین الصوبائی، اندرونِ شہر اور شہروں کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی کا ملک میں 10 سے 15 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان

عید کے پیش نظر مسافروں کے حجم کو تقسیم کرنے کے لیے 7 مئی تک اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی اور اس کے بعد ایس او پیز کے ساتھ 70 فیصد گنجائش بحال کردی جائے گی۔

علاوہ ازیں عید کی چھٹیوں کے دوران میڈیا کو خصوصی پروگرامز، موویز، ڈرامے اور انٹرٹینمنٹ شوز نشر کرنے کی ہدایت کی گئی تا کہ عوام گھروں میں رہ سکیں جبکہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024