• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ملک بھر میں مزید 4 ہزار 298 افراد وائرس کا شکار، 140 اموات

شائع May 7, 2021
گزشتہ روز کے مقابلے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات دونوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے— فوٹو: اے پی
گزشتہ روز کے مقابلے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات دونوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے— فوٹو: اے پی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 298 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 140 اموات رپورٹ ہوئیں۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 4 ہزار 298 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 140 افراد انتقال کر گئے۔

مزید پڑھیں: سندھ: عید کی تعطیلات کے دوران عوام کی غیرضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد

ملک میں 6 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کے 44 ہزار 835 ٹیسٹ کیے گئے اور فعال کیسز کی تعداد کم ہو کر 83 ہزار 699 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 50 ہزار 131 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 18 ہزار 667 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 4 ہزار 631 مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 47 ہزار 755 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سندھ کا جمعہ، ہفتے کو کاروبار کھلا رکھنے کا اعلان

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر پابندیوں میں سختی کردی گئی تھی جبکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔

ملک میں 7 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 995 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور 82 افراد ہلاک ہو گئے۔

صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 517 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی 40 ہزار 979 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 966 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 7 افراد موت کے منہ میں جا پہنچے۔

مزید پڑھیں: بورڈ امتحانات 15 جون کے بعد ہوں گے، شفقت محمود

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 17 ہزار 424 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 89 ہزار 646 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی مزید 792 افراد کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ مزید 40 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 22 ہزار 520 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک افراد کی تعداد 10 ہزار 521 ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں مزید 116 افراد وائرس کا شکار ہوئے اور تین افراد لقمہ اجل بن گئے۔

صوبے میں رپورٹ ہونے والے کم کیسز کی ایک اہم وجہ مجموعی طور پر کیے گئے ٹیسٹ کی کم تعداد ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 628 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ کے متعدد مریضوں کو ایک سال بعد پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا انکشاف

بلوچستان میں اب تک کم از کم ایک ہزار 412 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وائرس کی زد میں آنے والوں کی تعداد 23 ہزار 16 ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں بھی مزید 349 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور تین افراد کی موت کی تصدیق ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر وائرس کا شکار افراد کی تعداد 77 ہزار 414 ہو گئی ہے اور 11 ہزار 188 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف تین افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کسی بھی شخص کی موت کی واقع نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: دنیا میں سب سے زیادہ ویکسینیشن والے ملک میں کووڈ کیسز میں اضافہ

بلتستان میں اب تک افراد کی وائرس سے 112 موت واقع ہو چکی ہے جبکہ مجموعی 5ہزار 358 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 77 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

آزاد کشمیر میں اب تک 17 ہزار 660 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 63 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024