• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عمران خان اب زرداری، نواز شریف کو چھوڑدیں اور تبدیلی لے کر آئیں، شاہد آفریدی

شائع May 21, 2021
شاہد آفریدی کے مطابق عمران خان اب بہت زیادہ وضاحتیں دیتے ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک
شاہد آفریدی کے مطابق عمران خان اب بہت زیادہ وضاحتیں دیتے ہیں—فائل فوٹوز: فیس بک

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو چھوڑدیں اور وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کے لیے ہم نے ووٹ دیا تھا۔

سما ٹی وی کے پروگرام 'سوال احتشام امیر الدین کے ساتھ 'میں گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ بیان دیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

پروگرام میں اینکر کے سوال پر وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ' عمران بھائی جب وزیراعظم نہیں تھے تب وہ جو بات کرتے تھے ساری قوم کھڑی ہوجاتی تھی اب وہ اپنی چیزوں کی وضاحتیں بہت دیتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: مستقبل میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، شاہد آفریدی

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان، زرداری اور نواز شریف کو چھوڑ دیں، ڈھائی سے 3 سال سے انہی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں'۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'میں نے جہاں بھی انہیں سنا ہے، وہ کسی بھی چیز کے افتتاح پر جاتے ہیں تو زرداری، نواز شریف کا نام لیتے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اس چیز کو چھوڑدیں کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا، آپ کیا کررہے ہیں؟ اللہ نے آپ کو یہ موقع دیا ہے آپ کرکے دکھائیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کے لیے ہم نے ووٹ دیا تھا، لوگوں کو عمران خان سے بہت امیدیں ہیں مگر انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا چاہے وہ اپوزیشن ہی کیوں نہ ہو'۔

بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ 'عمران خان نئے پاکستان کے بجائے پرانے پاکستان کو ٹھیک کرلیں، پرانا پاکستان برا نہیں ہے بس سب کو ساتھ لے کر چلیں، جو اچھا کام کررہا ہے میں ہر اس شخص کے ساتھ ہوں'۔

'اپنی سیاسی جماعت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں'

سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ 'سچ کہوں تو اس طرف آنے پر نہ میرا دل مان رہا ہے نہ دماغ'۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو سیاست کا مطلب پتا ہونا چاہیے، سیاست کا مطلب ہے حقدار کو اس کا حق دینا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست میں آنے کیلئے دل بہت چاہتا ہے، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم ایسا بنا ہوا ہے کہ 2 لوگوں سے تبدیل نہیں ہوپائے گا، اسے تبدیل کرنے میں وقت لگے گا، خدانخواستہ میں اس سسٹم میں جا کر خراب نہ ہوجاؤں سسٹم اتنا مضبوط ہے وہ اتنے عرصے سے چلتا ہوا آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ عمران بھائی کرپٹ نہیں ہیں، اچھے انسان ہیں لیکن وہ سسٹم میں پھنس گئے ہیں'۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'یہ کوئی کرکٹ کی ٹیم تو نہیں ہے کہ 16 لڑکے گراؤنڈ میں لے کر گئے اور میچ کھیل لیا، یہ 22 سے 24 کروڑ عوام کی ٹیم ہے، انہیں لے کر چلنا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں دیکھتا ہوں کہ کابینہ کے جتنے بھی اراکین ہیں وہ کسی نہ کسی جماعت میں رہ چکے ہیں جن کے بارے میں عمران خان نے کہا تھا کہ اگر کوئی ایسی سیاست کرے گا تو میں ایسی سیاست نہ کروں اور وہی لوگ آج ان کے ساتھ ہیں'۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کھانے پینے کی اشیا سے ٹیکس ختم کریں، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'ٹیم کا انتخاب بہت اہم ہے، اچھے اور ایماندار لوگ ان کے ساتھ ہونے چاہئیں جو ملک سے اور عمران خان سے مخلص ہوں'۔

اپنی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'میرا اپنی سیاسی جماعت بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے'۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سب سے زیادہ اہم ہے، میں جتنی خدمت کرسکتا ہوں کرتا رہوں گا، کل یا پرسوں کیا ہوگا اللہ جانتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اصل چیز یہ ہے کہ ہم نے سیاست کو، مذہب کو اپنا کاروبار بنالیا ہے، انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ کرسی بہت بڑی طاقت ہے لیکن یہ ہر ایک کو نہیں ملتی، جس کو ملتی ہے اس سے پوچھا بھی بہت جاتا ہے'۔

'بیٹیوں کا والد ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں'

اپنی نجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ بہت زیادہ سفر کرتے ہیں لیکن عید اوراہم مواقع زیادہ سے زیادہ وقت اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں، جب سے شادی ہوئی ہے میں نے اپنی ہر بیٹی کے ساتھ اپنی قسمت کو بدلتے ہوئے دیکھا ہے'۔

اولادِ نرینہ نہ ہونے سے متعلق انہوں نے کہا کہ 'یہ تاثر پٹھانوں میں بھی پایا جاتا ہے کہ بیٹا نہیں ہے تعویذ بنواؤ یہ کرو وہ کرو، میں ان سب چیزوں کے سخت خلاف ہوں'۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی سے رشتے داری کا معاملہ، شاہد آفریدی کا بیان سامنے آگیا

انہوں نے کہا کہ ' اللہ نے باپ اور بیٹی ، ماں اور بیٹے کا ایک خاص تعلق بنایا ہے، میری اہلیہ کو محسوس ہوتا تھا کہ بیٹا نہیں ہے، ہونا چاہیے لیکن انہیں اس لیے فکر نہیں ہوتی کہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے میں اپنی بیٹیوں سے بہت پیار کرتا ہوں کیونکہ شوہر کی وجہ سے اکثر عورتوں کو بیٹا چاہیے ہوتا ہے'۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'میں اپنی اہلیہ کو سمجھاتا ہوں اس لیے وہ اب مطمئن رہتی ہیں'۔

انہوں نے یہ تصدیق کی کہ شاہین آفریدی کے اہلخانہ گزشتہ 2 برس سے ان کی بیٹی کا رشتہ مانگ رہے تھے اور اب رشتہ طے پاگیا ہے۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ 'میری بیٹی ابھی پڑھنا چاہتی ہے، ڈاکٹر بننا چاہتی ہے اور میں اپنی تمام بیٹیوں کی پڑھائی کو سپورٹ کرتا ہوں'۔

'بولی وڈ اداکارہ تبو میری مداح تھیں'

پسندیدہ اداکاراؤں سے متعلق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ایک زمانے میں انہیں ہولی وڈ اداکارہ جولیا رابرٹس بہت پسند تھیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کچھ بولی وڈ اداکاراؤں کی فلمیں بھی شوق سے دیکھا کرتے تھے۔

بھارتی اداکاراؤں سے ملاقات سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ بولی وڈ اداکارہ تبو ان کی بہت بڑی مداح تھی اور جب بھارت کا ٹور تھا اس زمانے میں موبائل فون کا استعمال زیادہ نہیں تھا تو اداکارہ نے ہوٹل کا نمبر کہیں سے لیا اور ان سے فون پر بات ہوتی تھی۔

پسندیدہ پاکستانی اداکاراؤں سے متعلق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں فالو نہیں کیا، انہوں نے ماہرہ خان، مہوش حیات اور مایا علی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'مجھے ڈرامے دیکھنے کا شوق تھا، فضیلہ قاضی، عتیقہ اوڈھو میری پسندیدہ ڈراما اسٹارز تھیں'۔

علاوہ ازیں خوبصورتی کیا ہے؟ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ 'مجھے سادگی اور پردہ بہت پسند ہے'۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رضا ربانی اور قمر زمان کائرہ ان کے پسندیدہ سیاستدان ہیں، شہباز شریف بطور ایڈمنسٹریٹر پسند ہیں جبکہ خواتین سیاستدانوں میں محترمہ بینظیر بھٹو پسند تھیں، وہ بہت زبردست خاتون تھیں۔

اس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کو سب سے پُرکشش سیاستدان قرار دیا جبکہ فہمیدہ مرزا کو خوبصورت ترین خاتون سیاستدان قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024