• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان کو فائزر ویکسین کی پہلی کھیپ موصول

شائع May 29, 2021
یونیسف پاکستان نے ٹوئٹر پر ویکسین کی آمد کا اعلان کیا — یونیسف پاکستان ٹوئٹر
یونیسف پاکستان نے ٹوئٹر پر ویکسین کی آمد کا اعلان کیا — یونیسف پاکستان ٹوئٹر

پاکستان کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے عالمی ویکسین پروگرام 'کوویکس' کے ذریعے فائزر کی کورونا ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں موصول ہوگئیں۔

ملک کو ڈائیلیونٹس اور سرنجز کی کھیپ آج اور کل موصول ہوگی۔

یونیسف پاکستان نے ٹوئٹر پر ویکسین کی آمد کا اعلان کیا اور ملک بھر میں کامیابی سے کورونا ویکسی نیشن مہم کے آغاز، ویکسی نیشن سینٹرز پر بہترین انتظامات اور 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو مہم میں شامل کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔

پاکستان کو کوویکس سہولت کے تحت ویکسین کی موصول ہونے والی یہ دوسرے کھیپ ہے۔

ملک کو رواں ماہ کے اوائل میں ویکسین کی پہلی کھیپ ملی تھی جس میں ایسٹرازینیکا ۔ آکسفورڈ ویکسین کی 12 لاکھ 38 ہزار 400 خوراکیں شامل تھیں۔

مزید پڑھیں: 'مقامی سطح پر تیار کردہ ویکسین کی ایک لاکھ سے زائد خوراکیں رواں ہفتے متعارف کروائی جائیں گی'

حکام کا اس وقت کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ویکسین کی مزید 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں حاصل ہوں گی۔

پاکستان کو کوویکس کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 72 لاکھ خوراکیں ملیں گی۔

اب تک پاکستان نے کورونا کی پانچ ویکسینز کی منظوری دی ہے جن میں سائینوفارم، کین سینو، سینو ویک، اسپوتنک اور ایسٹرازینیکا شامل ہے۔

رواں ہفتے حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس نے اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں چین کی سنگل ڈوز کین سینو ویکسین کی تیاری شروع کردی ہے۔

حکومت کے سرکاری اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے دیگر ممالک سے ویکسین کی درآمد پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ہر ماہ 30 لاکھ خوراکیں تیار کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ناک کے ذریعے ایک خوراک والی کورونا ویکسین کے ٹرائل کیلئے پروٹوکول پر کام شروع

این آئی ایچ کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست پر بتایا کہ کین سینو ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں پیک کردی گئی ہیں اور اُمید ہے کہ اسے لانچ کرنے کی تقریب رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پہلی کھیپ کا ٹیسٹ ٹرائل مکمل ہوگیا ہے جس میں اسٹیبلیٹی ٹیسٹ، سیفٹی ٹیسٹ، اسٹیرلیٹی ٹیسٹ اور اسپائیک پروٹین ٹیسٹ شامل ہیں، مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں تیار کی گئی ہیں اور تقریب اجرا کی عارضی تاریخ 30 مئی مقرر کی گئی ہے'۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے ناک کے ذریعے دی جانے والی کووڈ 19 ویکسین کے ٹرائل کے لیے پروٹوکول پر کام شروع کردیا ہے۔

توقع کی جارہی ہے 3 کمیٹیوں سے منظوری ملنے کے بعد کلینیکل ٹرائل 6 سے 8 ہفتوں میں شروع ہوگا۔

بدھ کو حکومت نے 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے 28 مئی سے ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب ملک میں کورونا کیسز میں کمی آرہی ہے اور گزشتہ پانچ روز سے یومیہ 3 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا کے 2 ہزار 455 نئے کیسز سامنے آئے جن کی شرح 4.4 فیصد رہی۔

پاکستان میں کورونا سے اموات بھی گزشتہ آٹھ روز سے 100 سے کم رپورٹ ہو رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024