• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی ایس ایل 2021: زلمی کو شکست دے کر یونائیٹڈ نے پلے آف میں جگہ بنا لی

شائع June 17, 2021 اپ ڈیٹ June 18, 2021
عثمان خواجہ نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل
عثمان خواجہ نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو ریکارڈ ساز میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے 26ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاور پلے میں نصف سنچری شراکت قائم کی۔

یونائیٹڈ کی اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 98 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 48 رنز بنانے والے کولن منرو اسپنر شعیب لک کی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور باؤلڈ ہو گئے۔

قائم مقام کپتان عثمان خواجہ نے دوسرے اینڈ سے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ مزید 47 رنز کی شراکت قائم کی جس میں ان کا حصہ انتہائی معمولی رہا۔

آصف علی نے وکٹ پر آتے ہیں روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور 14 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ تیز ترین نصف سنچری کا اعزاز اپنے نام نہ کر سکے۔

آصف نے ثمین گل کے ایک ہی اوور میں 22 رنز بٹورے لیکن اسی اوور میں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔

برینڈن کنگ اور خواجہ نے آصف علی کی طرح جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنچری شراکت قائم کی اور صرف 43 گیندوں پر 102 رنز جوڑے۔

عثمان خواجہ نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر ناصرف سنچری مکمل کی بلکہ ساتھ ہی پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کے سب سے بڑے اسکور کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

اسلام آباد نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے، عثمان نے 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 105 جبکہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 32 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں زلمی کو پہلی ہی گیند پر اس وقت دھچکا لگا جب گزشتہ میچ کے ہیرو حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

کامران اکمل نے امام الحق کے ساتھ مل کر اسکور کو 35 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر نوجوان بلے باز عاکف جاوید کی میچ میں دوسری وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر کامران اکمل کا ساتھ دینے شعیب ملک آئے اور دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے 53 رنز کی شراکت قائم کی، کامران اکمل 32 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک اور روومین پاول نے 40 رنز جوڑے ہی تھے کہ ویسٹ انڈین بلے باز 14 رنز بنانے کے بعد عاکف کی تیسری وکٹ بن گئے۔

128 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد میدان میں شرفی ردرفورڈ کی آمد ہوئی اور جنہوں نے صرف 8 گیندوں کی مختصر باری میں 29 رنز بنا کر میچ کا نقشہ بدل دیا اور پشاور زلمی کی میچ میں جیت کی امید پیدا کردی لیکن حسن علی نے بروقت ردرفورڈ کو آؤٹ کر کے اسلام آباد کا پلڑا پھر بھاری کردیا۔

دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے نصف سنچری مکمل کی لیکن 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

اختتامی اوورز میں کپتان وہاب ریاض اور عمید آصف نے جرات مندانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 47 رنز جوڑے لیکن ان کی یہ کاوش بھی ناکافی ثابت ہوئی اور یونائیٹڈ نے میچ میں 15 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم کپتان عثمان خواجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ رواں سال پی ایس ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: عثمان خواجہ(کپتان)، کولن منرو، برینڈن کنگ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد، عاکف جاوید۔

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، امام الحق، شعیب ملک، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، وقار سلام خیل اور ثمین گل۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024