• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کیسز میں اضافہ: سندھ میں انڈور ڈائننگ، اسکولز، تفریحی پارکس بند کرنے کا فیصلہ

شائع July 14, 2021
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

سندھ میں ایک بار پھر کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ، اسکول، تفریحی پارکس اور سینما بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سومرو، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، صوبائی سیکریٹریز، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر قیصر، کور فائیو اور رینجرز کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5 فیصد سے کووڈ کیسز بڑھے تو یہ خطرناک صورتحال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا وائرس کی 'ڈیلٹا' قسم کے 35 کیسز کی تصدیق

اجلاس کو بتایا گیا کہ منگل کو 16 ہزار 262 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 201 کیسز سامنے آئے اور 13 جولائی کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد رہی۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کراچی شرقی میں 21 فیصد، جنوبی میں 15 فیصد، وسطی میں 12 اور کورنگی میں 8 فیصد کیسز ہیں۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں صورتحال کافی خراب ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سندھ میں 12 جولائی تک کورونا کی مختلف اقسام کے 356 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں برطانوی قسم کے 92، جنوبی افریقی قسم کے 162، برازیلی قسم کے 29، بھارتی قسم کے 66، پی وی کے 3 اور وائلڈ ٹائپ کا ایک کیس شامل ہیں۔

اجلاس میں صوبے بالخصوص کراچی میں کورونا کی خراب ہوتی صورتحال کے باعث ریسٹورنٹس میں انڈور کھانے کو کل رات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ نویں اور اس سے زائد کلاسز کے تعلیمی ادارے سوائے امتحانات کے بند ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کی ’ڈیلٹا‘ قسم کا اثر سامنے آرہا ہے، ڈاکٹر فیصل

تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھر جھیل، سینما، انڈور جمز اور انڈور کھیل جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں وائرس کی 'ڈیلٹا' قسم کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور حالیہ دنوں میں اس وائرس کے باعث کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ روز نیوز بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ ڈیلٹا سمیت دیگر اقسام کے وائرس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا (بھارتی ویرینٹ) کے 35 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح ایک بار پھر 4 فیصد سے زائد ہوگئی ہے اور 13 جولائی کو ملک میں وبا کے ایک ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024