• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عین ممکن ہے نواز شریف نے مودی کے ذریعے عمران خان کا فون ہیک کرایا ہو، فرخ حبیب

شائع July 21, 2021
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: پی ٹی وی
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: پی ٹی وی

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپنے سیاسی مخالفین کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کردار کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عین ممکن ہے کہ نواز شریف نے مودی کے ذریعے اسرائیلی سافٹ ویئر سے عمران خان کا فون ہیک کرایا ہو۔

اسرائیلی اسپائی ویئر 'پیگاسس' کے ذریعے عالمی رہنماؤں اور دیگر افراد کے فون ٹیپ کیے جانے کے حوالے سے حیران کن انکشافات کم از کم 17 میڈیا تنظیموں کی جانب سے مرتب کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں اتوار کو منظر عام پر آئیں۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم بھی اسرائیل کے جاسوسی سوفٹ ویئر کے ذریعے بھارتی نشانے پر'

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پوری دنیا کے صحافیوں، سرکاری عہدیداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے اسمارٹ فون تک رسائی کی کوشش اور ہیک کرنے والوں میں ہندوستان بھی شامل تھا جس نے اس مقصد کے لیے اسرائیلی کمپنی کے اسپائی ویئر کا استعمال کیا، بھارت نے جن نمبروں کی جاسوسی کی ان میں سے ایک نمبر کبھی وزیر اعظم عمران خان کے زیر استعمال تھا۔

اس معاملے پر فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان 2018 کے عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کی ایک نمایاں شخصیت تھے اور وہ پاناما لیکس کیس میں ملوث نواز شریف کے خلاف جارحانہ مہم چلا رہے تھے، اس وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے عمران کی جاسوسی کے لیے اپنے بھارتی تعلقات استعمال کیے اور اسرائیلی سافٹ ویئر کے ذریعے ان کی رازداری میں خلل ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ملک جو پاکستان اور کشمیری عوام کا دشمن تھا اور تصور کریں کہ اس وقت کا وزیر اعظم اس ملک سے اپنے مخالفین کے فون ٹیپ کرنے کے لیے مدد مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب مودی اپنے مخالفین کی پرائیویسی پر حملہ کررہے تھے اور ان کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کررہے تھے، یہ بات یقینی ہے کہ نواز شریف نے بھی مودی کی مدد سے عمران خان کے فون کا ڈیٹا حاصل کیا، اس معاملے میں ابھی مزید تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

وزیر مملکت نے اس وقت وزیر اعظم نہ ہونے کے باوجود عمران خان کی جاسوسی کیے جانے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی مبینہ مداخلت اب واضح ہو رہی ہے اور ہم ان سے جواب تلاش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی خفیہ سافٹ ویئر 'پیگاسس' کیسے کام کرتا ہے؟

انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد کی تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنے مخالفین کے فون ٹیپ کرتے رہے ہیں، انہوں نے ماضی میں ججوں، سیاستدانوں، خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان اور اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا ہے۔

وزیر نے الزام لگایا کہ آپ کے مخالفین کے واٹس ایپ ڈیٹا تک رسائی کسی حد تک مشکل تھی لیکن نواز شریف نے مودی سے یہ معلومات اکٹھا کرنے کے لیے مدد طلب کی۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مودی نے نواز شریف کے خاندان کی شادی میں شرکت کے لیے پاکستان میں وقت گزارا تھا جبکہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کی وزارت عظمیٰ کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی، یہ رابطے ان کے مابین مضبوط روابط کی نشاندہی کرتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی اس وقت کشمیر میں ایک مہم کی قیادت کر رہی ہیں لیکن انہوں نے ایک بار بھی مودی یا آر ایس ایس اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کا ذکر نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: صحافیوں و سرکاری عہدیداروں کی جاسوسی کیلئے اسرائیلی سافٹ ویئر کے استعمال کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اب یہ ثابت کرنا ہو گا کہ پیگاسس اسپائی ویئر سے نواز شریف کا کیا تعلق تھا اور انہوں نے اسے کس طرح اپنے فوائد کے لیے استعمال کیا۔

ایک روز قبل فون ٹیپنگ کے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ان اطلاعات کی وجہ سے وہ انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں، انہوں نے ٹوئٹ کی تھی کہ مودی حکومت کی غیر اخلاقی پالیسیوں نے ہندوستان اور خطے کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024