• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am

عمران خان کی طرح پرویز مشرف کو بھی امریکا کے خلاف 'اسٹینڈ' لینا چاہیے تھا، شیخ رشید

شائع August 13, 2021 اپ ڈیٹ August 14, 2021
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ غلط تھا— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ غلط تھا— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 9/11 کے حملے کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینا ایک غلط فیصلہ تھا اور عمران خان کی طرح پرویز مشرف کو امریکی فیصلے کے خلاف اسٹینڈ لینا چاہیے تھا۔

ڈان نیوز کے پروگرام خبر سے خبر میں گفتگو کرتے شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم کو امریکی صدر جو بائیڈن کی کال کا انتظار نہیں اور اس وقت سب سے بڑا مسئلہ افغانستان کا ہے، 20سال کے عرصے میں امریکا نے 2 کھرب ڈالر خرچ کیے اور وہاں تین لاکھ فوج کو تربیت فراہم کی۔

مزید پڑھیں: نئے، مہذب افغان طالبان بندوق کے بجائے بات جیت کو ترجیح دیں گے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے افغانستان میں طالبان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اس کا کسی نے سوچا بھی نہیں تھا لیکن ہم نے مذاکرات کی کوشش کرنی ہے اور ان کو مذاکرات کی میز تک لانا ہے۔

افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے دوحہ لے کر گئے لیکن اب ہم طالبان کا انگوٹھا تو نہیں لگوا سکتے، ہمارا یہی موقف ہے کہ ہم افغانستان کی سرزمین میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کی سرزمین سے کوئی ہمارے کام میں مداخلت کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی ہمیں طعنہ نہ دے، عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے اڈے کسی کو نہیں دیں گے اور کسی بھی قیمت پر افغانستان کی سرزمین پر کوئی مداخلت نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے معاشی حالات ایسے نہیں کہ ہم مہاجرین کی آمد کو برداشت کر سکیں، پہلے سے ہی ہمارے پاس 40 لاکھ مہاجرین موجود ہیں لہٰذا ہمیں کسی ایسی چیز میں نہیں پھنسنا جس کا ملبہ ہمارے سر پر گر جائے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی نئی سیاسی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم کے حملے میں ہم سے غلطی ہو گئی، ہم نے ملزمان کو پکڑ لیا ہے لیکن اس میں ہمیں بہت مشکل ہوئی کیونکہ گاڑی انہوں نے چھ ماہ تک کھڑی رکھی اور پھر کسی طرح سے لوگوں کو لا کر یہ حملے انجام دیا، پہلے انہوں نے کسی اور جگہ پر حملہ کرنے کی کوشش لیکن ناکامی پر ایک سال کی تیاری کے بعد داسو ڈیم کو نشانہ بنایا۔

پرویز مشرف کے دور میں افغانستان پر امریکی حملے کی حمایت کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت جتنے بھی ماسٹر مائنڈ تھے انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے پاس کوئی گنجائش نہیں لیکن وہ ایک غلط فیصلہ تھا اور ہمیں ایک فیصلہ لینا چاہیے تھا جیسے آج ہم نے اسٹینڈ لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے آج عمران خان نے موقف اختیار کیا، اس وقت مشرف صاحب کو بھی امریکا کے خلاف اسٹینڈ لینا چاہیے تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم افغان طالبان کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کی میز تک لے کر گئے تو ایسا نہیں کہ ہمارے طالبان سے تعلقات ہیں لیکن ان سے کسی قسم کا لڑائی جھگڑا بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور پاکستان کی ضرورت بھی یہی ہے کہ ادارے ایک پیج پر ہوں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میرے سامنے اپوزیشن سے بھی یہی کہا کہ جو بھی حکومت منتخب ہو گی، فوج اس کے پیچھے کھڑی ہو گی۔

مزید پڑھیں: وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ دھرنا اس دنیا کا سب سے مشکل کام ہے، 126 دن میں عمران خان کے ساتھ دھرنے میں تھا لیکن میری حالت غیر ہوچکی تھی کہ کب اس سے جان چھوٹے گی، فضل الرحمٰن نے بہت بڑا دھرنا دیا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوا۔

مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے کراچی میں جلسے کے اعلان کے حوالے سے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں اتنے طاقتور میڈیا کی موجودگی میں جلسہ کرنا اپنا اور میڈیا کا وقت ضائع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف میڈیا وار کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بھی کارروائیوں میں ملوث ہے، داسو کے حملے میں بھی بھارت کا ہاتھ تھا اور پاکستان میں اگلے 120 دن بہت اہم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک منفرد سوچ کا حامل سیاستدان ہے جو کرپٹ، بددیانت اور ملک کو نقصان پہنچانے والے لوگوں سے ہاتھ ملانا بھی گناہ سمجھتا ہے اور وہ ان لوگوں سے کبھی ہاتھ ملائیں گے بھی نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پہلے میرا خیال تھا کہ اگلے الیکشن میں اپوزیشن سے سخت مقابلہ ہو گا لیکن اب ایسا نہیں لگتا، اس اپوزیشن سے مجھے امید نہیں ورنہ اب تک تو ہمارا کام ہو چکا ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کا اپوزیشن کیلئے ‘مفت مشورہ’

مسلم لیگ(ن) کے بیانیے کے بارے میں سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں حکمرانی چاہیے، چاہے انہیں اپنا بیانیہ ہی کیوں نہ بدلنا پڑے، شہباز شریف کا مقدمہ بہت سنگین نوعیت کا ہے اور آئندہ دو سال میں کئی بڑے سیاستدانوں کو نیب سے سزا ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول مجھے پسند ہے لیکن وہ روز تحریک عدم اعتماد لے کر نکل جاتے ہیں، انہیں خود پر ہی اعتماد نہیں تو وہ عمران خان کے خلاف کیا تحریک عدم اعتماد لائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025