• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

ملک بھر کے تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھولنے کا اعلان

شائع September 14, 2021
ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت میں کمی کے پیش نظر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت میں کمی کے پیش نظر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 16 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شفقت محمود نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ 16 ستمبر سے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے دوران کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے تعلیمی ادارے این سی او سی کی سفارش پر گزشتہ دو ہفتے سے بند تھے۔

این سی او سی کا کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت میں کمی کے پیش نظر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

  • لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں پابندیاں برقرار رہیں گی، اطلاق 16 سے 22 ستمبر تک ہو گا۔

  • تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری اور ہفتے میں 3 دن کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

  • مارکیٹیں 10 بجے تک کھلی رہیں گی، متاثرہ اضلاع میں 8 بجے بند ہو جائیں گی۔

  • ویکسین لگوانے والے افراد کے ساتھ دو سو افراد کی ان ڈور شادی اور 400 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی کی اجازت ہو گی۔

  • دفاتر میں مکمل حاضری، متاثرہ علاقوں میں دفاتر میں حاضری 50 فیصد رہے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) سے جاری اعلامیے کے مطابق 16ستمبر سے ملک بھر کے تمام ادارے کھل جائیں گے لیکن صرف 50 فیصد طلبا کو کلاسوں میں بلانے کی اجازت ہو گی۔

مزید پڑھیں: گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 240 مریض کووِڈ 19 سے صحتیاب

اس دوران روزانہ کی بنیاد پر این سی او سی میں بیماری کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا رہے گا اور ضرورت محسوس ہونے پر بیماری پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان گجرات، سرگودھا، اور بنوں سمیت جن اضلاع میں بیماریوں کا پھیلاؤ زیادہ ہے، وہاں 16 سے 22 ستمبر تک پابندیاں برقرار رہیں گی۔

نئے اعلامیے کے مطابق جن اضلاع اور شہروں میں بیماری کا پھیلاؤ کم ہے وہاں کاروباری مراکز رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ متاثرہ اضلاع اور شہروں میں ضروری اور اہم سہولیات کے علاوہ تمام کاروبار رات 8 تک بند کرنا ہو گا۔

اس کے علاوہ اب ہفتے میں صرف ایک دن کاروبار بند کرنا ہو گا البتہ متاثرہ علاقوں میں دو دن جمعہ اور ہفتہ کاروبار بند رکھنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی چوتھی لہر کی شدت کم ہوئی ہے، 15 روز میں مزید بہتری آئے گی، اسد عمر

ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور 50 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 12 بجے تک کی اجازت دے دی گئی ہے اور صرف ان افراد کو اجازت ہو گی جو ویکسین لگوا چکے ہیں۔

البتہ جن علاقوں میں اب بھی وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں ان ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہے جبکہ آؤٹ ڈور کی رات 12 بجے تک اجازت ہے۔

شادی ہال وغیرہ کے حوالے سے بھی نرمی کی گئی ہے اور ان دور شادیوں میں صرف ویکسین کرانے والے 200 افراد کو تقریب میں شرکت کی اجازت ہو گی البتہ آؤٹ ڈور شادی کی صورت میں 400 مہمانوں کو مدعو کیا جا سکتا ہے۔

متاثرہ اضلاع اور شہروں میں ان ڈور شادی پر پابندی ہے جبکہ آؤٹ ڈور میں 400 مہمان بلا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: دسویں اور بارھویں جماعت کے فیل طلبا کو 33 فیصد نمبر دے کر پاس کرنے کا فیصلہ

متاثرہ اضلاع میں صرف 50 فیصد عملے کو دفتر آ کر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس جن علاقوں میں وبا کا پھیلاؤ کم ہے وہاں 100 فیصد افراد دفاتر آ کر کام کر سکتے ہیں۔

مزارات کے بارے میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے اپنے علاقوں میں وبا کا جائزہ لے کر کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ متاثرہ شہروں میں مزارات پر پابندی ہو گی۔

اسی طرح کراٹے، باکسنگ، کبڈی، واٹر اسپورٹس پر پابندی برقرار ہے جبکہ ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ جمز کھلے رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹ میں ریل گاڑی 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائے گی جبکہ ڈومیسٹک فلائٹس میں کھانے کی سروس بند رہے گی۔

پورے ملک میں عوام کے لیے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ تفریحی پارکس، واٹر اسپورٹس اور سوئمنگ پولز 50 فیصد کی شرط کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں اسکول 18 ماہ کی بندش کے بعد کھل گئے

یاد رہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے آج کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت میں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 15 روز میں مزید بہتری آئے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی آئی ہے لیکن ابھی خطرہ باقی ہے، ہم نے ملک کے 24 اضلاع میں کیسز کی تعداد کے پیش نظر 4 سے 15 ستمبر تک زائد بندشیں عائد کی تھیں لیکن ان میں سے 18 اضلاع میں صورتحال بہت بہتر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مذکورہ 18 اضلاع میں بھی کورونا سے متعلق پابندی قائم رہے گی جس طرح ملک کے دیگر حصوں میں نافذ ہیں جبکہ دیگر 6 اضلاع میں زائد بندشیں قائم رہیں گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

اب Sep 15, 2021 06:01am
بس کرو نا اب کرنا کا رونا

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024