• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے مالاکنڈ کو پہلے مرحلے سے نکال دیا

شائع October 29, 2021
یہ تبدیلی صوبائی حکومت کی درخواست پر کی گئی ہے— فائل فوٹو: اے پی
یہ تبدیلی صوبائی حکومت کی درخواست پر کی گئی ہے— فائل فوٹو: اے پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مالاکنڈ کو خیبر پختونخوا کے ان اضلاع کی فہرست سے نکال دیا جہاں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی جانب سے اس معاملے پر 2 علیحدہ نوٹی فکیشنز جاری کیے گئے اور مالاکنڈ کے بجائے بونیر کو پہلے مرحلے کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

یہ تبدیلی صوبائی حکومت کی درخواست پر کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے کی فہرست میں شامل دیگر اضلاع تبدیل نہیں کیے گئے اور ان میں مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنو، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

ای سی پی کی جانب سے گزشتہ جمعرات کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مراحل کے لیے بالترتیب 19 دسمبر اور 16 جنوری کی تاریخیں طے کی گئی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینج کی تفصیلی رپورٹ میں صوبائی حکومت، چیف سیکریٹری اور بلدیاتی سیکریٹری کو ہدایت کی گئی تھی الیکشن کمیشن کی معاونت اور مدد سے صوبے میں آزادانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام ضروری انتظامات کریں اور اقدامات اٹھائیں۔

یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ای سی پی نے خود آئینی ذمہ داری پوری کرنے پر زور دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے نمائندوں کی تجویز مسترد کردی۔

نئی تجویز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت دیہات اور محلہ کونسلز کی سطح پر دو مراحل میں الیکشن منعقد کرانا چاہتی تھی، پہلے مرحلے میں الیکشن رواں سال دسمبر جبکہ دوسرے مرحلے میں آئندہ سال مارچ میں انتخابات منعقد ہونے تھے، بعد ازاں تحصیل کونسلز کے لیے انتخابات کا فیصلہ کیا جاتا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تاریخوں کا اعلان

تاہم الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق 17 اضلاع میں پہلے مرحلے میں دیہات کونسلز، محلہ کونسلز اور تحصیل کونسلز کے لیے بلدیاتی انتخابات ہوں گے جبکہ دیگر 18 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔

خیبر بختونخوا میں بلدیاتی حکومت کی مدت 28 اگست 2019 کو ختم ہوچکی ہے اور الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 (4) کے تحت الیکشن کمیشن پر لازم ہے کہ وہ مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے۔

خیبر پختونخوا بھی دیگر صوبوں کی طرح بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کر رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں آئندہ جنوری کے وسط تک مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات مکمل کرنے کے اس کے پختہ فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر کو انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات 19 دسمبر کو منعقد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024