• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پیٹرولم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کی حکومت پر کڑی تنقید

شائع November 5, 2021
ملک کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ملک کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے تاریخی ریلیف پیکج کے اعلان کے دو روز بعد ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 8 روپے اضافے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمٰن نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول نے 145 روپے فی لیٹر کی حد پار نہیں کی بلکہ موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی ہر حد پار کی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اچانک 8.14 روپے کا اضافہ

انہوں نے کہا کہ عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حکم پر حکومت ابھی پیٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت، آئی ایم ایف سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے، چند روز قبل حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے اور اب قوم پوچھ رہی ہے یہ اچھے دن لائے ہیں؟

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس اور قیمتیں کم جبکہ پاکستان میں بڑھ گئیں جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں ڈیزل کی قیمت پاکستان سے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے ملک اور معیشت نہیں چل سکتی ہے اور عوام اب صرف اس حکومت سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں، حکومت کا جانا ہی عوام کے لیے ریلیف بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کی قیمت یکدم 160 روپے فی کلو تک بڑھ گئی

انہوں نے مزید کہا کہ نااہلی پر سرکاری افسران بدلے جارہے ہیں لیکن سب سے بڑی نااہلی، کرپشن پر وزیر اعظم عمران خان کرسی پر جمے ہوئے ہیں اس لیے ثابت ہوگیا کہ موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے ریلیف اس کے بس کی بات نہیں ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان عوام پر ظلم کی علامت ہیں اور وہ ان کی خوشیوں کے قاتل بن چکے ہیں، تین سال میں موجودہ حکومت ملک کو راشن کارڈ پر لے آئی ہے۔

شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ مزید تباہی سے بہتر ہے کہ تباہی کرنے کے بجائے گھر چلے جائیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کے نشانے پر صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے، بلاول

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ تباہی سرکار نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے، دو ہفتے پہلے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا، 3 سال میں تباہی سرکار نے تیل کی قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کہتے ہیں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم ریلیف دے نہیں مانگ رہے تھے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد ہو چکی ہے اس لیے حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ عوام پر رحم کرے اور تیل کی قیمتیں واپس لے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024