• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

آسٹریلیا سے ٹیسٹ میچ باہمی رضامندی سے ملتوی کیا گیا، افغان کرکٹ بورڈ

شائع November 5, 2021
چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیب خان نے کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی کی بدولت افغانستان دنیا کے ساتھ دوستانہ روابط بنا سکتا ہے— فوٹو: طاہر خان
چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیب خان نے کہا کہ کرکٹ ڈپلومیسی کی بدولت افغانستان دنیا کے ساتھ دوستانہ روابط بنا سکتا ہے— فوٹو: طاہر خان

افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیب خان نے کہا ہے کہ افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال شیڈول ٹیسٹ میچ دونوں بورڈز کی رضامندی سے ملتوی کیا گیا ہے۔

نصیب خان نے ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تبدیلی اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی اداروں میں کام بند ہوا تھا لیکن کرکٹ کے امور بدستور جاری تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، چیئرمین بورڈ

انہوں نے کہا کہ کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جس کے ذریعے ہر فکر و سوچ کے حامل افغان ایک جگہ جمع ہوسکتے ہیں، جنگ کے بعد انہیں سکون کی ضرورت ہے، اس ملک میں کرکٹ کا اتنا جنون ہے کہ جنگ نے بھی اس کا راستہ نہیں روکا اور ہم دنیا کی دس بہترین ٹیموں کی فہرست میں آ گئے۔

انہوں نے دنیا کے دیگر کرکٹ بورڈز سے افغانستان میں کرکٹ کے فروغ اور انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں اس وقت بین الاقوامی معیار کا ایک بھی کرکٹ گروانڈ نہیں ہے اور دیگر ٹیمیں بھی ہمارے ملک میں نہیں آتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ افغانوں کے درمیان اتحاد کا سبب بن سکتی ہے اور کرکٹ ڈپلومیسی کی بدولت افغانستان دنیا کے ساتھ دوستانہ روابط بنا سکتا ہے۔

انہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت سے شکست کے باوجود افغان ٹیم اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان نے افغانستان میں خواتین کے کھیلوں پر پابندی لگا دی

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے بورڈز کے مشورے سے ہوا ہے اور افغان کرکٹرز کو آسٹریلیا میں لیگ کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب دونوں بورڈز نے مشورے سے ٹیسٹ میچ ملتوی کیا ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے افغانستان کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر عائد کیے جانے پر رواں سال ہوبارٹ میں افغانستان کے خلاف شیڈول ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے بیان جاری کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم افغانستان اور دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو پروان چڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اجازت مل گئی

ان کا کہنا تھاکہ غیریقینی صورتحال کے سبب کرکٹ آسٹریلیا محسوس کرتا ہے کہ جب تک صورتحال واضح نہ ہو، اس وقت تک میچ ملتوی کردیا جائے۔

اس حوالے سے افغان آل راؤنڈر محمد نبی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق نہ ہونا مایوس کن ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ ٹیسٹ میچ منسوخ نہیں بلکہ ملتوی ہوا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیسٹ میچ ملتوی ہونے کے باوجود دونوں ملک افغان کرکٹ کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ آسٹریلیا کے لیے ایشز سیریز کی تیاری کا نادر موقع تھا لیکن اب انہیں یہ موقع میسر نہیں آ سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کا خواہشمند

ایشز سیریز کا آغاز 8 دسمبر سے برسبین میں ہونے والے ٹیسٹ میچ سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024