بلوچستان: ہوشاب میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی شہید
بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اجری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے تربت کے گردونواح میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر علاقے میں خفیہ آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں: ہنگو میں فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ، ایک سپاہی شہید
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گھیرے جانے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی ضلع سرگودھا کے رہائشی رمضان اور ضلع سوابی کے لانس نائیک لیاقت اقبال نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک اور واقعے میں لکی مروت ضلع سے تعلق رکھنے والے سپاہی انعام اللہ نے دہشت گردوں کی جانب سے راستے پر نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم کو ہٹاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں جن کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: ہرنائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی، کمانڈر سمیت 6ہلاک
رواں سال جون میں ہوشاب میں واٹر ٹینکر پر دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کے ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
اس سے قبل فروری میں ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب کے قریب دہشت گردوں نے ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں سیکیورٹی فورسز کا ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔