• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے، ان ہاؤس تبدیلی آئے گی نہ حکومت ختم ہو گی، وزیر خارجہ

شائع January 16, 2022
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی— فائل فوٹو: ڈان نیوز
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی— فائل فوٹو: ڈان نیوز

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے، نہ ان ہاؤس تبدیلی آئے گی اور نہ حکومت ختم ہوگی اور تحریک انصاف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

گورنمنٹ پرائمری اسکول اعوان پورہ کے مڈل اسکول میں اپ گریڈیشن اور این اے۔156 کی مختلف یونین کونسلوں میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ مشکلات عارضی ہیں اور ہم عوام سے لاتعلق نہیں، عوام کی پریشانیوں کا احساس ہے اور مہنگائی کا تدارک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت میں کمی کا تاثر غلط ہے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک سے وفا کرنا جانتے ہیں، بیرون ملک نہ کوئی فلیٹس ہیں، نہ کوئی اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی کسی کا باہر جانے کا پروگرام ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشکلات آتی رہتی ہیں اور جلد ختم ہوجائیں گی، ہم تمام بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے، نہ ان ہائوس تبدیلی آئے گی اور نہ حکومت ختم ہوگی، اپوزیشن کو شکست ہو گی اور تحریک انصاف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بہت بڑا کریڈٹ ہے کہ کسی قسم کا کرپشن کا اسکینڈل سامنے نہیں آیا اور وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی قابل تحسین ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن 2 کی جگہ 3 لانگ مارچ کرلے، کچھ نہیں ہوگا، شیخ رشید

انہوں نے سابقہ حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور اپنوں کو نوازنے کے چکر میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں اور غیرملکی کرنسی اکائونٹ کھولے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمران دوران اقتدار ملک میں رہے اور اقتدار کے بعد بیرون ملک جا کر لوٹے گئے پیسوں سے عیاشی کی گئی مگر اب ایسا نہیں ہے، موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتے ہوئے قومی خزانے اور وسائل کو عوامی ترقی پر صرف کررہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ حقیقی معنوں میں عوام کی ترقی پر صرف ہو رہا ہے، وسائل کے مقابلے میں مسائل زیادہ ہیں جو راتوں رات حل نہیں ہوسکتے البتہ عوام کے مسائل اور پریشانیوں کا ادراک ہے جنہیں حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کے 4 ہزار 27 کیسز رپورٹ، کراچی میں مثبت شرح 39.39 فیصد ہوگئی

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں اور 5 سال خلوص نیت سے تمام وسائل اور توانائیاں عوامی ترقی پر صرف کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کے باعث گزشتہ دو سال سے عالمی معیشت بھی بحرانوں کی زد میں ہے البتہ 2023 سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2023 کی عوامی عدالت میں 5سالہ کارکردگی کی بنیاد پر جائیں گے اور 2023 کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف ملک بھر میں پھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی الیکشن کا وقت نہیں نہ ہی الیکشن کی تیاریاں ہیں، ہم عوام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور عوام کے درمیان موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024