• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

بٹلر کی طرح جارحانہ کھیلنا چاہتا ہوں، زلمی کے ابھرتے بلے باز حارث

شائع February 20, 2022
حارث نے یونائیٹڈ کے خلاف 70 رنز کی اننگز کھیلی تھی—فوٹو: پی سی بی
حارث نے یونائیٹڈ کے خلاف 70 رنز کی اننگز کھیلی تھی—فوٹو: پی سی بی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2022 میں پشاورزلمی کی نمائندگی کرنے والے ابھرتے ہوئے جارح مزاج بلے باز محمد حارث نے کرکٹ میں انگلینڈ کے جوز بٹلر کو فیورٹ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔

ڈان نیوز کے پروگرام ‘ری پلے’ میں میزبان عبدالغفار کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی پیروی کر رہا ہوں اور ان کی طرح جارحانہ کھیلنا چاہتا ہوں۔

مزید پڑھیں: اعظم کی عمدہ بیٹنگ رائیگاں، یونائیٹڈ کو زلمی کے ہاتھوں 10رنز سے شکست

انہوں نے کہا کہ اب آہستہ آہستہ محمد رضوان کی طرف آرہا ہوں جیسے وہ بیٹنگ کر رہے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کےخلاف 32 گیندوں پر 70 رنز بنانے والے بلے باز نے کہا کہ مجھے انڈر-19 میں گوگل کہا جاتا تھا کیونکہ مجھے معلومات زیادہ تھیں اور ساتھی کھلاڑی جو سوال کرتے تھے اس کا جواب دیتا تھا، اس لیے انہوں نے میرا نام گوگل رکھا تھا۔

پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کا کریڈٹ پشاور زلمی کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے سپورٹ کیا اور دوسری بات میں نے کوشش اور محنت کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے اعتماد دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس موقعے کو ضائع نہیں ہونے دیا اور یہی سوچا تھا کہ اگر یہ موقع ضائع ہوگیا تو آگے کرکٹ مشکل ہوجائے گی اور موقع ملا تو تین میچوں میں سے دو میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔

محمد حارث نے کہا کہ ایمرجنگ کھلاڑی کے لیے اس طرح کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ پی ایس ایل میں بلے بازوں کے پاس کم مواقع ہوتے ہیں کیونکہ دنیا کی بہترین باؤلنگ میں سے ایک ہے اور زلمی انتظامیہ نے مجھے کھیلنے کی آزادی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بہت مدد کر رہے ہیں اور دونوں شعبوں میں سکھا رہے ہیں، یہ میرے لیے خوش قسمتی ہے، کامران اکمل، وہاب ریاض اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہا ہوں۔

کپتان وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے کھیلنے میں آزادی دی ہوئی ہے اور کیپنگ میں مجھے نائب کپتان مانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زلمی کی بڑی فتح، کراچی کنگز لگاتار چھٹی شکست کے بعد پلے آف سے باہر

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ خاندان میں کسی نے کرکٹ نہیں کھیلی تاہم بھائی پہلے کھیلا کرتے تھے اور 2010 تک کھیلا بعد میں انہوں نے کرکٹ چھوڑ دی، خاندان میں واحد کھلاڑی تھا تاہم اب میرا کزن بھی کرکٹ کھیل رہا ہے۔

خیال رہے کہ محمد حارث نے دو روز قبل پی ایس ایل کے 24ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شان دار بلے بازی کی تھی اور محض 32 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے تھے۔

محمد حارث کو اس شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے خلاف جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 27گیندوں پر 49رنز بنائے تھے اور ٹیم کو 56 رنز سے کامیابی دلائی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 9 میچ کھیل کر 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اور اب تک 5 میچوں میں کامیابی حاصل کررکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024