• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

وزیراعظم کی یورپیئن کونسل کے صدر سے گفتگو، یوکرین کی صورتحال پر اظہار تشویش

شائع March 7, 2022
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز
وزیراعظم عمران خان نے یوکرین اور روس کے درمیان فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم عمران خان نے یوکرین اور روس کے درمیان فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم عمران خان نے یورپیئن یونین کونسل کے صدر سے گفتگو میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے یوکرین کی صورت حال پر بات کی اور یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر تحفظات کے اظہار کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک پر مرتب ہونے والے اس کے مہلک معاشی اثرات پر روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں: یوکرین سے متعلق یورپی یونین کا بیان سفارتی آداب کے منافی ہے، دفتر خارجہ

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ جنگ بندی اور صورت حال کی شدت میں فوری کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عمران خان نے انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازع کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان کی طرح کے ممالک اس صورت حال میں سہولت کاری کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ وہ مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے قریبی روابط کے خواہش مند ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چارلس مائیکل سے گفتگو میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کا اصولی مؤقف ہے کہ وہ صرف امن میں شراکت دار ہوگا اور یوکرین انسانی ریلیف کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے پاکستان بھی روسی حملے کی مذمت میں ٹھوس مؤقف اختیار کرے گا، یوکرینی سفیر

انہوں نے یورپیئن کونسل کے صدر کو بتایا کہ پاکستان کے یوکرین اور روس دونوں سے دوستانہ مراسم ہیں اور وہ دونوں سے قریبی رابطے میں ہیں۔

عمران خان نے تنازع کو مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس تنازع کے حل میں سفارت کار کا کردار ادا کر سکتا ہے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی رابطے میں رہنے کا عزم ظاہر کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو یورپیئن کونسل کے صدر نے ٹیلیفون کیا۔

یورپی کونسل کے صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یوکرین اور روس کے درمیان تنازع میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے صدر کی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر بات چیت بڑی پیش رفت ہے اور وہ اس پر عملی اقدامات کریں گے۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی سفرا کا پاکستان سے یو این جی اے کے اجلاس میں روس کی مذمت کرنے پر اصرار

واضح رہے کہ دو روز قبل فرانس اور جرمنی سمیت پاکستان میں موجود متعدد سفارتی مشنز کے سربراہان نے پاکستان سے اصرار کیا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں یوکرین کے خلاف روس کی مسلح دشمنی کی مذمت کرے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں یوکرین کے سفیر مارکیان چیچک نے امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان بھی روسی حملے کی مذمت میں ٹھوس مؤقف اختیار کرے گا اور روس کو تناؤ کم اور جارحیت سے روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔

پاکستان نے یوکرین کے حوالے سے یورپی یونین اور دیگر ممالک کے مشترکہ بیان کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کا بیان ناقابل قبول ہے۔

گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے شہر میلسی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ نہ آج تک عمران خان کسی کے آگے جھکا ہے اور جب تک میرے جسم میں خون ہے میں اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے، وزیراعظم

انہوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین کے سفیر نے خط لکھا کہ آپ روس کے خلاف بیان اور ووٹ دیں، میں یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ نے ہندوستان کو بھی یہ خط لکھا تھا۔

عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے، ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے لیکن امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024