• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پی ڈی ایم کا 28 مارچ کو کشمیر ہائی وے پر جلسے کا اعلان

شائع March 24, 2022
پی ڈی ایم رہنماؤں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کی —فوٹو: ڈان نیوز
پی ڈی ایم رہنماؤں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کی —فوٹو: ڈان نیوز

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 28 مارچ کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے کشمیر ہائی وے پر جلسے کا اعلان کردیا جبکہ لاہور سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مارچ کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم 28 مارچ کو کشمیر ہائی وے پر جلسہ کرے گی۔

مزید پڑھیں: حکومت کے پاس ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا لانگ مارچ 26 مارچ کو لاہور سے شروع ہوگا اور 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا جبکہ گوجرانوالہ اور سرائے عالمگیر پر پڑاؤ ہوگا اور یہاں پارٹی کا جلسہ بھی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی دیگر رکن جماعتیں بھی ریلیوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں گی، قافلے 26 مارچ کو اسلام آباد پہنچنا شروع ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگوں کا جلسہ ملکی تاریخ میں بڑی تبدیلی لائے گا، عمران خان اپنا اجتماع بھی دیکھیں اور ہمارا اجتماع بھی دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 10 لاکھ کے بجائے 10 بندے پورے کریں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایک ایک گملے اور ایک ایک بلب کی حفاظت خود کریں گے، اسلام آباد انتظامیہ سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان اور رہنما جمعیت علمائے اسلام حافظ حمد اللہ نے کہا کہ یہ مارچ مہنگائی، لاقانونیت، ایک غیر جمہوری مسلط شدہ حکومت کے خلاف ہوگا، ملک میں آئین، قانونی اور نہ پارلیمنٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد میں 172 سے زائد ووٹ لیں گے، متحدہ اپوزیشن کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلہ ہوا تھا کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ ’مہنگائی مارچ‘ کے نام سے ہوگا لیکن 23 مارچ کو او آئی سی کے انعقاد کی وجہ سے نہیں ہوسکا اور خوش اسلوبی سے کانفرنس ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ جو لانگ مارچ کر رہے تھے اب 26 مارچ کو ہمارے قافلے روانہ ہوں گے اور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے قافلے سہراب گوٹھ کراچی سے روانہ ہوں گے اور رات سکھر، حیدر آباد پہنچیں گے اور وہاں سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے، لاہور سے اسلام پہنچیں گے۔

رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے قافلے 25 مارچ کو نکلیں گے، قافلے کوئٹہ سے روانہ ہو کر براستہ ژوب ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پڑاؤ کریں گے، وہاں قیام کریں گے اور 26 کو مولانا فضل الرحمٰن کے ہاں رکیں گے، پھر پورے خیبر پختونخوا سے قافلے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ڈیرہ اسمٰعیل خان سے قافلے ہکلہ انٹر چینج پہنچیں گے جہاں سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے قافلے ملیں گے اور ملک بھر سے آئے ہوئے سارے قافلے مل کر 26 مارچ کو شام تک اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے اور جی نائن پارک میں جمع ہوں گے۔

حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ ہم یہاں 26 کو پہنچیں گے، 27 مارچ کو ہمارا جی نائن سری نگر ہائی وے میں اجتماع ہوگا اور ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) اور سردار اختر جان مینگل کی سربراہی میں بی این پی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکن اور جمعیت علمائے پاکستان کے کارکن اور دیگر جماعتوں کے قافلے سری نگر میں جمع ہوں گے جہاں مشترکہ اجتماع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن 26 مارچ کو سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے جہاں وہ 27 اور 28 کو بھی وہاں رہیں گے، اس کے بعد اپوزیشن قیادت اگلا لائحہ عمل دے گی۔

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکا کے خلاف بیان دے کر محض عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، یو ٹرن جھوٹ کا دوسرا نام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ذریعے ملک کو امریکا کے سامنے گروی رکھا ہے۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ تمام سیاسی لوٹوں کو جمع کر کے شیخ رشید بنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024