• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

وزیراعظم عمران خان کو یوکرینی صدر کا فون

شائع March 29, 2022
وزیراعظم نے یوکرین کے صدر سے گفتگو کے دوران یوکرین میں جاری  تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا—فوٹو:اے پی پی، رائٹرز
وزیراعظم نے یوکرین کے صدر سے گفتگو کے دوران یوکرین میں جاری تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا—فوٹو:اے پی پی، رائٹرز

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور دونوں رہنمائوں نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کی خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے گفتگو کے دوران یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک پر تنازع کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کر رہے ہیں جو تیل اور اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ظاہر ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عام شہریوں کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے یوکرین میں لوگوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی کے لیے 2 سی 130 طیارے روانہ کیے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے حالیہ اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کے تنازع کی وجہ سے سیکیورٹی اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ نے فوری طور پر جنگ بندی کے خاتمے پر زور دیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کی طرف سے مذاکراتی عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک جنگ بندی اور تنازعہ کے سفارتی حل کے لیے کوششوں کو تقویت دینے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یوکرین کے حکام کی جانب سے پاکستانی طلبا اور شہریوں کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے کے انخلا میں مدد پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے دیگر ممالک کی طرف سے سفارتی حل کی سہولت کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024