• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

معاشی بحران پر عوامی احتجاج کے پیش نظر سری لنکا میں کرفیو نافذ

شائع April 3, 2022
سری لنکا میں جاری ایندھن اور معاشی بحران کے خلاف احتجاج کرنے والی خاتون نے پلے کارڈ اٹھایا ہوا ہے — فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا میں جاری ایندھن اور معاشی بحران کے خلاف احتجاج کرنے والی خاتون نے پلے کارڈ اٹھایا ہوا ہے — فوٹو: اے ایف پی

ملک میں جاری معاشی بحران کے سبب ایندھن اور دیگر اشیا کی قلت کو دیکھتے ہوئے سری لنکا کی حکومت نے ہفتے کے روز کرفیو نافذ کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ کرفیو ایک ایسے موقع پر نافذ کیا گیا ہے جب سیکڑوں وکلا نے صدر گوٹابایا راجا پاکسے پر زور دیا کہ وہ ملک میں حالیہ بدامنی کے بعد متعارف کرائی گئی ایمرجنسی کو منسوخ کریں۔

مزید پڑھیں: سری لنکا: معاشی بحران کے باعث عوام میں اشتعال، دارالحکومت میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی

محکمہ اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر میں کرفیو ہفتے کی شام 6 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔

صدر گوٹابایا راجا پاکسے نے جمعہ کو ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس سے مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا خدشہ پیدا ہوا تھا، ماضی میں ہنگامی اختیارات نے فوج کو بغیر وارنٹ مشتبہ افراد کو گرفتار اور حراست میں لینے کے اختیارات دیے تھے، لیکن موجودہ اختیارات کی شرائط ابھی واضح نہیں ہیں۔

2 کروڑ 20 لاکھ آبادی پر مشتمل سری لنکا کو اس وقت دن میں 13 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا ہے کیونکہ حکومت کو ایندھن اور دیگر ضروری درآمدات کی ادائیگی کے لیے زرمبادلہ کی کمی کا سامنا ہے۔

کولمبو کے رہائشی 68 سالہ دکاندار نشان آریاپالا نے بتایا کہ جب چیزیں ہاتھ سے نکل جاتی ہیں تو لوگ سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جب لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو ملک کے سیاسی رہنماؤں کو سوچ سمجھ کر کام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا: تیل کا بحران سنگین، بجلی کی طویل بندش کا اعلان

گوٹابایا راجا پاکسے نے کہا کہ امن عامہ کے تحفظ اور ضروری سامان اور سروسز کو برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کی ضرورت تھی۔

ایندھن اور دیگر ضروری اشیا کی قلت پر مشتعل سیکڑوں مظاہرین کی راجا پاکسے کی رہائش گاہ کے باہر پولیس اور فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں اور ان مظاہرین نے سری لنکن صدر کی برطرفی کا مطالبہ کیا اور جمعرات کو پولیس اور فوج کی متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا۔

پولیس نے مظاہروں پر قابو پانے کے لیے جمعے کو کولمبو اور اس کے گردونواح میں کرفیو نافذ کر کے 53 افراد کو گرفتار کر لیا تھا، ہفتہ کو دکانیں کھل گئی تھیں اور ٹریفک معمول پر رہی جبکہ کچھ پیٹرول اسٹیشنوں پر پولیس تعینات رہی۔

سری لنکا کی بار ایسوسی ایشن کے اراکین نے اپنی اپیل میں کہا کہ حکومت عوام کی امنگوں کو سمجھنے اور ملک کے لوگوں کے دکھوں کا مداوا کرنے میں ناکام رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کا احترام کیا جائے۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت

سری لنکا میں امریکی سفیر جولی چنگ نے ہنگامی حالت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ سری لنکا کو پرامن احتجاج کرنے کا حق ہے اور جمہوری طریقوں کے اظہار کے لیے یہ ضروری ہے، میں صورتحال کو قریب سے دیکھ رہی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ آنے والے دنوں میں تمام فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔

غیر ملکی کرنسی کی شدید قلت کو اجاگر کرتے ہوئے ساڑھے 5 ہزار میٹرک ٹن کھانا پکانے والی گیس لے جانے والے جہاز کو سری لنکا کے پانیوں سے نکلنا پڑا کیونکہ اس کا آرڈر دینے والی لاف گیس کمپنی اس کی ادائیگی کے لیے مقامی بینکوں سے 49 لاکھ ڈالرز حاصل نہیں کر سکی۔

لاف گیس کے چیئرمین ڈبلیو ایچ کے ویگا پتیا نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ لوگوں کو کھانا پکانے والی گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے لیکن اگر ڈالر نہیں ہوں گے تو ہم ان کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ ہم پھنس گئے ہیں۔

جاری بحران کو سابقہ حکومتوں کی معاشی بدانتظامی کا نتیجہ سمجھا جاتا ہے اور کووڈ 19 کے دوران یہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی تھی، کیونکہ اس وبائی مرض نے ملک کی سیاحت اور ترسیلات زر کو متاثر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا: مظاہرین کی صدر کے دفتر پر دھاوا بولنے کی کوشش

2019 میں شاندار فتح کی بدولت اقتدار میں آنے والے گوٹابایا راجا پاکسے کی سیاسی مقبولیت میں حالیہ بحران کی وجہ سے نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

حکومت نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بیل آؤٹ پیکج کے ساتھ ساتھ بھارت اور چین سے قرضوں کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024