• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

ہنزہ میں ششپر گلیشئر پگھلنے سے سیلاب، حسن آباد پل تباہ

سیلاب سے حسن آباد پل کا ایک حصہ بہہ گیا—فوٹو: نوید صدیقی
سیلاب سے حسن آباد پل کا ایک حصہ بہہ گیا—فوٹو: نوید صدیقی

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں ششپر گلیشئر پگھلنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے حسن آباد تباہ اور کئی مکان بھی زد میں آگئے۔

گلگت بلتستان کی ٹورسٹ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک ساس ویلی روڈ کے متبادل راستے پر منتقل کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہے کہ سیلاب نے حسن آباد پل کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کی غیرمعمولی لہر سے بھارت، پاکستان میں ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ظہور احمد نے بتایا کہ گرمی کی وجہ سے گلیشئر ہفتے کو پگھلنا شروع ہوا تھا اور اس کے نتیجے میں سیلاب آیا اور پل تباہ ہوا اور ناقابل استعمال ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےتاہم انہیں گنیش اور مرتضیٰ آباد کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورسٹ پولیس بھی مختلف مقامات پر تعینات ہے تاکہ سیاحوں کو مشکل پیش نہ آئے۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ نالے کے قریب مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس اور ریکسیو سروسز سمیت پوری انتظامیہ ہنگامی صورت حال کے لیے الرٹ ہے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ ہنگامی طور پر پل کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حسن آباد پل کی فوری بحالی کے لیے سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان، کمشنر گلگت اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹریفک کی روانی کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں اور مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف کا جلد ازالہ کریں۔

چیف سیکریٹری کے دفتر کے مطابق سیاحوں کو پیٹرول اور دیگر اہم ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو بحالی اور راشن کے انتظامات بھی یقینی بنائے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں آج سے گرمی کی لہر میں اضافے اور ہیٹ ویو کا امکان

بیان میں کہا گیا کہ حسن آباد کے دو پاور پلانٹ بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔

ضلعی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہنزہ اور گلگت میں کنڑول روم قائم کیا گیا ہے اور بالترتیب 05813-930721-2 اور 05811930033 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں گلیشئر کی تعداد زیادہ ہے، وزیرموسمیاتی تبدیلی

وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بیان میں خبردار کیا کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں کئی خطرناک علاقے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولر ریجن سے باہر گلیشئرز کی بڑی تعداد ہے اور کئی درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے پگھل رہی ہیں۔

شیری رحمٰن نے اس سے قبل صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام اور ہوم ڈپارٹمنٹ کی توجہ دلائی تھی کہ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سےگلیشئرز کے پگھلنے کے واقعات ہوسکتے ہیں اور گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب آسکتا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا تھا کہ گلیشئرز کا پگھلاؤ تشویش کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ کاؤشوں کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیشپر گلیشیئر پر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ حکومت یقینی بنائے کہ مقامی آبادیوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے اور زمینی راستے بھی کھلے رہیں، امید ہے کہ انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ عام لوگوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گلگت بلتستان کی انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر شہزاد شگری کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے خطے میں گلیشئرز ک پگھنے کا عمل تیز ہوا ہے اور آبادی کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024