• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد سے متجاوز

شائع June 23, 2022
وفاقی وزیر نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا—  فائل فوٹو: اے پی
وفاقی وزیر نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز سے ایک بار پھر متاثر ہونے لگا، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 21.23 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 650 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 148 کے مثبت نتاج موصول ہوئے۔

خیال رہے کہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 15.44 فیصد رہی۔

دوسری جانب ڈھائی ماہ بعد کورونا وائرس کے ایک بار پھر سر اٹھانے پر حکومت کی جانب سے ٹیسنگ کا عمل تیز کردیا گیا، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 268 کیسز رپورٹ ہوئے۔

قومی ادارہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 513 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2.14 فیصد ٹیسٹوں کے مثبت نتائج موصول ہوئے۔

این آئی ایچ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر 75 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات

علاوہ ازیں عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کے بعد حکومت نے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں، حالات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں ملک کی وفاقی و صوبائی قیادت سر جوڑ کربیٹھ گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فورم کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہریوں کی ویکسینیشن کی مہم تیز کی جائے جو کہ کورونا وائرس سے دفاع کے لیے اہم ہتھیار ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ مہینوں میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ میں کمی کردی گئی تھی جس میں ایک بار پھر اضافہ کردیا جائےگا، تاکہ ملک بھر میں وبا سے متاثر افراد کی تعداد کا جائزہ لیا جاسکے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا، حیدر آباد میں مثبت شرح 16 فیصد ریکارڈ

اسلام آباد میں وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اور مقامی انتظامیہ نے شرکت کی جبکہ صوبائی نمائندگان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

نیشنل کوآرڈینیٹر میجر عامر اکرام نے کورونا کے موجودہ حالات اور ویکسینیشن کا جائزہ لیا۔

فورم کو آگاہ کیا گیا کہ 85 فیصد اہل آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے جبکہ 93 فیصد نے ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہے اور سندھ میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے 100 فیصد افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔

صوبائی وزیر کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے حفاظت کے لیے تمام صوبوں اور علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر بوسٹر شاٹس لگائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: طبی ماہرین نے کورونا وائرس کی چھٹی لہر کے خطرے سے خبردار کردیا

انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حالات کا جائزہ لیا جائے تو ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد ہے جس کا سہرا ہیلتھ کیئر سسٹم اور اسٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے پھر بھی ہمیں موجودہ حالات کے پیش نظر چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کی عالمی حالات کے پیشِ نظر سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ (سی ایچ ای) کو تمام داخلی مقامات پر مسافروں کی صحت کا جائزہ لینا چاہیے، سی ایچ ای کی فعالیت کو بڑھانے کے لیے اسے مضبوط کیا جائےگا‘۔

سی ایچ سی ملک کے باہر صحت سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نان فارماسوٹیکل انٹروینشن (این پی آئیز) اور دیگر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: صوبہ سندھ نے 100 فیصد ویکسینیشن کا ہدف عبور کرلیا

وزیر نے سماجی فاصلہ، ماسک پہننے اور خاص طور پر ہجوم والے مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے عید الضحیٰ کے موقع پر مارکیٹوں میں ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 15.44 فیصد ہے، جبکہ مظفر آباد، کوئٹہ، اسلام آباد، مردان، نوشہرہ اور لاہور میں 2 فیصد سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024