• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مقابلہ گیدڑ سے نہیں، اس کی لائی ہوئی مہنگائی اور کرپشن سے ہے، مریم نواز

شائع July 13, 2022
مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نو برس سے اقتدار میں ہے وہاں لوگ لاوارث بے یارو مددگار بنے ہوئے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نو برس سے اقتدار میں ہے وہاں لوگ لاوارث بے یارو مددگار بنے ہوئے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لیہ میں 17 جولائی کا ضمنی انتخاب مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے اور مقابلہ کسی گیدڑ سے نہیں بلکہ اس گیدڑ کی لائی ہوئی مہنگائی اور کرپشن سے ہے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 282 لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 17 جولائی کو شیر کا مقابلہ گیدڑ کی لائی ہوئی نالائقی، نااہلی اور مہنگائی سے ہے، انہوں نے کہا کہ شیر کا مقابلہ اس فتنے، انتشار اور فساد سے ہے جس کا نام فتنہ خان ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ 17 جولائی کو پنجاب کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران سے ہے جو اسلام آباد سے پنجاب میں آ کر گالم گلوچ کرتا ہے، جو پنجاب کی تباہی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فلاحی منصوبے لگائے جبکہ اس شخص نے تباہی کے منصوبے لگائے، اس لیے یہ فتنہ خان پنجاب کی تباہی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کا ماسٹر مائنڈ اس نے فرح گوگی اور بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا اور پنجاب کو لوٹنے کے لیے گھر کی خواتین کو لگایا ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: تمام مشکل فیصلے کیے جاچکے، اب اچھا وقت آئے گا، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اس کو جہاد کا نام دیتا ہے، یہ کیسا جہاد ہے کہ فنڈ اکٹھے کرنے کے لیے اس نے فرح گوگی اور بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا، خیبرپختونخوا میں بارش کے پانی کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کے بیڈ تیر رہے تھے جہاں عمران خان 9 برس سے اقتدار میں ہے وہاں لوگ لاوارث، بے یار و مددگار بنے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مردان، صوابی، پشاور ڈوب گیا، اب عمران خان پنجاب کو ڈبونے آیا ہے، عمران خان شرم کرے یہ لوگ اس کی ذمہ داری ہیں، اگر پنجاب میں ایسی صورت حال ہوتی تو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز لوگوں کی خدمت میں حاضر ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کی ترقی کا سب سے بڑا منصوبہ سی پیک بنایا، جس میں چین سے پیسے لے کر ترقی کے منصوبے لگائے اور عمران خان نے گوگی پنکی اکنامک کوریڈور (جی پیک) بنایا، جس میں لیہ اور پنجاب کے ہسپتالوں کا پیسہ گیا، سڑکوں اور آٹے کا پیسہ گیا، چینی اور ترقی کا پیسہ گیا اور بنی گالہ منی گالہ بن گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب نے پہلا فتنہ خان جیسا پہلا ڈاکو دیکھا ہے جو اپنی گھر والیوں سے پنجاب میں ڈاکے ڈلواتا رہا، پنجاب کی ترقی کیسی کرنے ہے وہ پتہ نہیں تھا مگر بنی گالا کو منی گالا کیسے بنانا ہے وہ سب پتہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک جلسے میں عمران خان رو رہا تھا لیکن اس کو اس وقت رونا کیوں نہیں آیا جب لوگ چار سال آٹے کے لیے ترستے رہے، چینی کے لیے قطاروں میں کھڑے رہے، لوگ بجلی کے منصوبے بند ہونے کی وجہ سے اذیت میں رہے اس وقت رونا نہیں آیا، روز ڈالر کی قیمت اوپر جاتی تھی، مہنگائی آسمان کو چھوتی تھی تو اس کو رونا نہیں آیا.

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت رونا نہیں آیا، اس وقت کہا کرتا تھا میں آلو پیاز کی قیمتیں پتہ کرنے نہیں آیا، جب آلو پیاز کی قیمت پتہ کرنے والی حکومت آ گئی ہے تو تہمیں رونا آ رہا ہے لیکن عوام کے رونے کے دن ختم اور اب فتنہ خان کے رونے کے دن شروع ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشکل وقت گزر گیا اب روز خوشخبریاں ملیں گی، مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ جس فتنہ خان کو 4 سال بطور حکمران ایک دن خیال نہیں آیا کہ چینی، آلو، ٹماٹر، پیاز، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کتنی ہیں مگر جب حکومت گئی تو وہ اب پرچی میں دیکھ کر لوگوں کو قیمتیں بتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سمری طلب کرلی ہے، آنے والے چند گھنٹوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی، حمزہ شہباز نے بھی اعلان کیا ہے کہ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے غریب شہریوں کو کبھی بجلی کا بل نہیں آئے گا، مہنگائی کو اب ریورس گیئر لگے گا جبکہ ترقی پانچویں گیئر میں جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

انجینیر خالد Jul 13, 2022 11:13pm
پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا کریڈٹ نون لیگ کے بجائے انٹرنیشنل مارکٹ میں کمی کو جانا چاہئے -

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024