• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی

شائع July 18, 2022
محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی — فائل فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں (آج) پیر کو تیز اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ پیش گوئی کراچی میں 7 افراد کی ہلاکت کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے کیونکہ رواں مون سون سیزن کے دوران طوفانی بارش کے دوسرے اسپیل نے شہر میں تباہی مچا دی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب پر منڈلا رہا ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید مغرب کی طرف بڑھ گیا تھا اور یہ آج صبح کمزور ہو کر کم دباؤ میں تبدیل ہوگیا۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ اب شمالی بحیرہ عرب کے وسطی حصوں، کراچی کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور یہ زیریں سندھ اور ساحلی بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مون سون کی لہریں راجستھان، بھارت کی جانب سے وسطی اور بالائی سندھ میں داخل ہو رہی ہیں۔

ان حالات میں محکمہ موسمیات نے سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، نوابشاہ، گھوٹکی، قمبر شہداد کوٹ، خیرپور اور کشمور، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، دادو، جامشورو، جیکب آباد، شکارپور، سکھر میں آج موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید براں موسمی نظام کی وجہ سے آج اور کل (منگل) بلوچستان کے لسبیلہ، اُتھل، سونمیانی، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، آواران اور کیچ کے علاقوں میں موسلادھار/بہت تیز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ موسلادھار بارش سے لسبیلہ، اُتھل، سونمیانی، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، آواران اور کیچ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران سمندر کی صورتحال انتہائی ناہموار رہے گی اور سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج شام تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمے نے متعلقہ حکام کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024