• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ورلڈ کپ فاتح، اولمپک چمپیئن ہاکی لیجنڈ منظور حسین انتقال کرگئے

شائع August 29, 2022
—فائل فوٹو: اے پی پی
—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ورلڈ کپ فاتح اور اولمپکس میں پاکستان کو چمپیئن بنانے والے منظور حسین المعروف منظور جونیئر دل کا دورہ پڑنے سے لاہور کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ 'منظو حسین جونیئر دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور انہیں، طبیعت خراب ہونے پرہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے'۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اولمپیئن منظور حسین 64 برس کی عمر میں اس دنیا سے کوچ کر گئے، وہ 1976 اور 1984 میں منعقدہ اولمیپکس میں کانسی اور سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سابق اولمپیئن منصور احمد علالت کے بعد انتقال کرگئے

اپنی صلاحیتوں، محنت اور لگن سے دنیا میں اپنا مقام بنانے والے اولمپیئن منظور حسین 1978 اور 1982 میں ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا بھی حصہ تھے۔

انہوں نے 2019 میں پاکستانی ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی اور ملک بھر میں اس حوالے سے ٹرائلز بھی منعقدہ کیے تھے مگر بدقسمتی سے عالمی وبا کورونا کی وجہ سے کافی عرصے تک ہاکی کا کوئی عالمی مقابلہ نہیں ہوا۔

بعدازاں، جونیئر ٹیم کے مینجرکے طور پر ذمہ داریاں دی گئیں جبکہ اس سے قبل منظورحسین کو قومی سینیئر ٹیم کا چیف سیلیکٹر بھی مقررکیا گیا تھا مگر رواں برس انہوں نے ہاکی فیڈریشن سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اولمپیئن منظور حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہاکی کی دنیا کے لیجنڈ، اولمپیئن منظور حسین جو نیئر کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے

انہوں نے کہا کہ گولڈ میڈلسٹ منظورحسین جونیئر قوم کا سرمایہ تھے، پاکستان ہاکی کے لیے ان کی خدمات نا قابلِ فراموش رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ذاتی دوست سابق اولمپک کپتان منظور حسین جونیئر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں نے بھی ہاکی لیجنڈ اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی منظور حیسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی ہاکی لیجنڈ منظور حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’1984 میں لاس اینجلس ہاکی مقابلے کے گولڈ میڈلسٹ منظور حسین جونیئر کے انتقال پر گہرے دکھ میں ہیں، جنہوں نے ماضی میں ہاکی کرکٹ میں پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024