• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سیلاب کی تباہ کاریاں: چین، ترکیہ سمیت مختلف ممالک سے امدادی سامان پہنچا شروع

مختلف ممالک کا پاکستان کو سیلاب متاثرہ افراد کیلیئے امداد دینے کا سلسلہ شروع — فوٹو: وزیر اعظم ٹوئٹر
مختلف ممالک کا پاکستان کو سیلاب متاثرہ افراد کیلیئے امداد دینے کا سلسلہ شروع — فوٹو: وزیر اعظم ٹوئٹر

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور لاکھوں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے امریکا، چین، کینیڈا، ترکیہ اور آسٹریلیا نے بڑے پیمانے پر پاکستان کو امدادی سامان بھیجنا شروع کردیا۔

امریکا نے یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور کمیونٹیز کی مدد کے لیے جان بچانے والی انسانی امداد کے لیے 30 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کردیا۔

پاکستان بھر میں متاثرہ کمیونٹیز کے لیے امریکا نے فوری طور پر درکار انسانی امداد کے لیے 30 ملین ڈالر کیا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل واشنگٹن نے اس ماہ کے شروع میں 1.1 ملین ڈالر سے زیادہ کی گرانٹ اور پروجیکٹ سپورٹ بھی فراہم کی تھی تاکہ سب سے زیادہ متاثرہ کمیونٹیز تک براہ راست امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے اور مستقبل کے سیلاب کے اثرات کو کم کرنے اور روکنے میں مدد کی جا سکے۔

امریکا کی طرف سے ماتحت ایجنسی کے ذریعے بھیجی گئی یہ امداد انسانی زندگیوں کو بچائے میں کارگر ثابت ہوگی اور سب سے زیادہ کمزور متاثرہ کمیونٹیز میں مصائب کو کم کرے گی۔

امریکا مقامی شراکت داروں اور پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی روابط سے بحران کی نگرانی جاری رکھے گا۔

یو ایس ایڈ ڈزاسٹر مینجمنٹ کے ماہر سیلاب کے اثرات کی اسسمنٹ کرنے اور اس پر فوری ریسپانس دینے کے لیے شراکت داروں سے تعان تیز کرنے کے لیے 29 اگست کو پاکستان پہنچے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو پاکستان بھر میں زندگیوں، ذریعہ معاش اور گھروں کے تباہ کن نقصان پر بہت افسوس ہے۔

پاکستانی حکومت کی طرف سے مدد کی درخواست کے جواب میں امریکا فوری طور پر درکار خوراک، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت میں بہتری، مالی مدد، اور خیموں کی رسائی کی امداد کو ترجیح دے گا۔

چین کی طرف سے 10 کروڑ آر ایم بی امداد

چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہی پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو الگ الگ پیغامات کے ذریعے یکجہتی اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش کی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی تاحال معطل، خیبرپختونخوا میں مزید 8 افراد جاں بحق

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چین کی طرف سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے لیے 10 کروڑ آر ایم بی کے ساتھ ساتھ 25 ہزار خیمے اور دیگر امدادی سامان فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ہمارے قریبی اور مضبوط ساتھی چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان کی دو پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ چکی ہیں۔

 چین سے امدادی سامان کی پھلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی—فوٹو: معین الحق
چین سے امدادی سامان کی پھلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی—فوٹو: معین الحق

چینی ایئر فورس کی طرف سے 3 ہزار خیموں کی پہلی کھیپ آج اور کل پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ : بارشوں اور سیلاب سے 16 لاکھ 70 ہزار افراد بے گھر ہوئے، پی ڈی ایم اے

بیان میں کہا گیا کہ چین سے آنے والے امدادی سامان کی کھیپ آج وفاقی وزیر خرم دستگیر اور صوبائی وزیر سعید غنی، پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ کے ساتھ ساتھ اور دیگر پاکستانی حکام کی طرف سے موصول کی گئی۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم اس مصبیت کے وقت میں چین کی بروقت اور اہم مدد پر ان کے مشکور ہیں۔

چین کی طرف سے سیلاب کے باعث مشکل حالات میں متاثرین کی بحالی و مدد کے لیے امدادی سامان بھیجنے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیلاب اپنی شدت اور پھیلاؤ کے لحاظ سے کسی اور جیسا نہیں، چین مشکل ترین وقت میں ہمارے ساتھ رہا ہے اور ہم اس کی حمایت و مدد کی بہت قدر کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد بدترین سیلاب، کئی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ

ترکیہ سے امدادی سامان کی 6 پروازیں موصول

دوسری جانب ترکیہ سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے آنے والی امداد پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے میرے بھائی عزت ماب رجب طیب اردوان سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے انسانی مدد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹر پرجاری پیغام میں کہا کہ ترکیہ نے بڑے پیمانے پر امدادی سامان بھیجنے کی سرگرمیاں کی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ سے ابھی تک امدادی سامان کی 6 پروازیں پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید کل پہنچیں گی، انقرہ سے امدادی سامان لانے والی ٹرین بھی پاکستان کے لیے نکل چکی ہے۔

کینیڈا کا 50 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

کینیڈا نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

کینیڈین وزیر برائے عالمی ترقی ہرجیت سجن نے اوٹاوا میں امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی مدد سے شدید متاثرہ لوگوں کے لیے خوراک اور نقد رقم سمیت ہنگامی امداد فراہم کرنے کے اقدامات میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنڈنگ گراؤنڈ پر موجود قابل اعتبار اور تجربہ کار پارٹنرز کے کام کو مزید آگے بڑھائے گی، اس فنڈنگ سے کینیڈا پاکستان کے لیے انسانی امداد کا اعلان کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، نوشہرہ کے عوام سے انخلا کی اپیل

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری خدمات فراہم کرنے کے لیے مدد جاری رکھے گا۔ یہ فنڈنگ کینیڈا کی اس قبل اعلان کردہ امداد کے علاوہ ہے جو ایمرجنسی ڈیزاسٹر اسسٹنس فنڈ اور اقوام متحدہ کے مرکزی ایمرجنسی رسپانس فنڈ میں اس کے تعاون کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا سیلاب کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، کینیڈا صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے تاکہ ہنگامی میں مدد کو یقینی بنایا جاسکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے 20 لاکھ ڈالر امداد

آسٹریلوی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فوری طور پر 20 لاکھ ڈالر فراہم کرے گی۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کی مدد ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد پاکستانی حکومت اور اس کے لوگوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024