ایشیا کپ2022: سپر فور مرحلہ، پاک-بھارت 4 ستمبر کو پھر مدمقابل
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2022 کے گروپ مرحلے کی میچز مکمل ہوگئے جس کے بعد سپر فور مرحلے کے میچز کی صورت حال واضح ہوگئی جہاں روایتی حریف بھارت اور پاکستان ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کی ریکارڈ شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اور کرکٹ کے شائقین کو ایک مرتبہ پھر ایک سنسنی خیز مقابلے کے لیے تیار کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ: پاک-بھارت دلچسپ مقابلہ، پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست
سپر فور مرحلے کا پہلا میچ گروپ بی سے آنے والے ٹیموں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کل ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ 4 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، جو سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ بھی ہے۔
دونوں حریف ٹیمیں گزشتہ اتوار کو بھی آمنے سامنے آئی تھیں جہاں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز کا ایک چھوٹا ہدف دیا تھا تاہم فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں میچ دلچسپ بنادیا تھا۔
نسیم شاہ نے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو بھی پریشان کیے رکھا اور سلپ پوزیشن پر انہیں ایک کیچ کا موقع بھی ملا تاہم فخر زمان گیند کو اپنی گرفت میں لینے میں ناکام رہے۔
بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں شکست دی تھی۔
ایک کرکٹ شائقین کو ایک مرتبہ پھر روایتی حریف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ایشیا کپ کے سپر فور کا تیسرا میچ سری لنکا اور بھارت کے درمیان 6 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر فور میں اپنا دوسرا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گا جو شارجہ میں 7 ستمبر کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: تصاویر: پاک-بھارت ایشیا کپ میچ
بھارت اور افغانستان 8 ستمبر کو دبئی میں مدمقابل ہوں گے۔
سپر فور مرحلے کا آخری میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 9 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سرفہرست دوٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ 2022 کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔