• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایشیا کپ کے میچ میں تلخ کلامی پر آصف علی اور فرید احمد پر جرمانہ عائد

شائع September 9, 2022
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سپر فور میچ کے دوران پاکستان کے آصف علی  اور افغانستان کے فرید احمد آؤٹ ہونے کے بعد بحث کر رہے ہیں —فوٹو: اے ایف پی
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سپر فور میچ کے دوران پاکستان کے آصف علی اور افغانستان کے فرید احمد آؤٹ ہونے کے بعد بحث کر رہے ہیں —فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے سپر فور کے دلچسپ میچ میں نامناسب رویہ اپنانے اور تلخ کلامی پر پاکستان کے آصف علی اور افغانستان کے فرید احمد پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق آئی سی سی نے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے اور منفی پوائنٹ بھی دیے۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ: کوہلی کی ٹی20 میں پہلی سنچری، افغانستان کو 101 رنز سے شکست

آئی سی سی نے کہا کہ جب فاسٹ باؤلر فرید احمد نے آصف علی کو آؤٹ کیا اور بلے باز کے ساتھ نامناسب طریقے سے تلخ کلامی کی تو آصف علی بھی غصے میں آئے اور انہوں نے بھی بلے سے جارحانہ اشارے سے ردعمل دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آصف علی نے کھلاڑیوں اور عملے کے حوالے سے آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کی، جو تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران فحش، جارحانہ یا توہین آمیز اشارے کرنے سے متعلق ہے۔

آئی سی سی نے بتایا کہ افغان باؤلر فرید احمد کو آرٹیکل 2.1.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے اور قانون بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی، میچ انتظامیہ، امپائر، میچ ریفری یا کسی دوسرے شخص (بشمول تماشائی) کے ساتھ نامناسب لہجہ اختیار کرنا یا ہاتھا پائی کے حوالے سے ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنا جرم تسلیم کرلیا اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی تجویز کردہ پابندیوں کو قبول کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم اچھی ٹیم ہیں لیکن چیمپیئن ٹیم نہیں، شاداب خان

اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ایک منفی پوائنٹ شامل کیا گیا ہے، تاہم دونوں کھلاڑیوں نے 24 ماہ کی مدت میں کوئی ایسا جرم نہیں کیا۔

خیال رہے کہ افغان ٹیم کو بدھ کے روز پاکستان کے ہاتھوں ایک وکٹ سے ناقابل یقین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس شکست کے ساتھ ہی افغان ٹیم بھارت کے ساتھ ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

میچ کے دوران یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 19ویں اوور میں پیش آیا تھا جب آصف علی ایک چھکا لگانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔

آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ نے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگا کر فتح دلاتے ہوئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹیم کی جگہ پکی کرلی تھی۔

ایشیا کپ کا فائنل دبئی میں اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024