• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسلام آباد ہائیکورٹ: کنٹینر رکھ کر راستے بند کرنے پر ڈپٹی کمشنر عدالت میں طلب

شائع September 30, 2022
اسلام آباد میں کنٹینرز رکھ کر راستے بند کرنے کیخلاف درخواست—فائل فوٹو: آنلائن
اسلام آباد میں کنٹینرز رکھ کر راستے بند کرنے کیخلاف درخواست—فائل فوٹو: آنلائن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں کنٹینر رکھ کر راستے بند کرنے کے خلاف شہری کی درخواست پر فریقین کو جواب جمع کروانے کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی دارالحکومت میں کنٹینر رکھ کر راستے بلاک کرنے کے خلاف شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار ملک صالح محمد عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو انتظامیہ نے کنٹینرز رکھ کر بلاک کر دیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو دشواری کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ : اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ احتجاج کے دوران ٹریفک ریگولیٹ ہو رہی ہے نہیں ، جس پر درخواست گزار نے کہا کہ ٹریفک کا مسئلہ موجود ہے ریگولیٹ نہیں ہو رہی جس کے باعث دشواریوں کا سامنا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ کسانوں کا مارچ روکنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے جس سے لوگوں کے بنیادی حقوق سلب ہو رہے ہیں۔

دوران سماعت وکیل کی جانب سے ’عالی جاہ‘ کہنے پر جسٹس محسن اختر کیانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں جج ہوں مجھے لفظ عالی جاہ سے سخت چڑ ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ دھرنوں کے حوالے سے فیصلے آ چکے ہیں، ان کو پڑھ کر آئیں کیونکہ دھرنے ہوں گے تو ایسا تو ہوگا کیونکہ ساری سیاسی جماعتیں پریشر گروپ بنی ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھین: اسلام آباد ہائیکورٹ کا 'سیاسی نوعیت' کی درخواست پر شیخ رشید پر اظہار برہمی

انہوں نے کہا کہ ملک یرغمال بنایا ہوتا ہے، آپ کوئی تجویز لے کر آئیں کہ کیا کیا جائے۔

درخواست گزار نے کہا کہ دھرنوں کے لیے پریڈ گراؤنڈ مختص کر دیا جائے جس پر جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا کہ پریڈ گراونڈ کیوں، ایف-8 کچہری کیوں نہ مختص کر دیں۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے روک دیا گیا

عدالت نے درخواست پر جواب کے لیے سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے راستوں میں رکھے گئے کنٹینرز اور راستوں کی بندش سے متعلق جواب جمع کرائیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024