• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عمران خان کےخلاف توہین عدالت کی درخواست کی جلد سماعت کی استدعا

شائع October 16, 2022
وزارت داخلہ نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کے توسط سے درخواست دائر کی — تصویر: سپریم کورٹ ویب سائٹ
وزارت داخلہ نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کے توسط سے درخواست دائر کی — تصویر: سپریم کورٹ ویب سائٹ

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو دارالحکومت کے ڈی چوک پر لانگ مارچ کے ذریعے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے سے روکنے کی درخواستوں کی جلد سماعت کی پٹیشن دائر کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کے توسط سے دائر درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمے کی سماعت پیر سے شروع ہونے والے ہفتے سے کی جائے۔

خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کو مبینہ طور پر نظر انداز کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کےخلاف حکومت کی سپریم کورٹ میں درخواست

درخواست میں کہا گیا تھا کہ مئی میں دیے گئے حکم پر سپریم کورٹ نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور ان کے وکیل کی جانب سے اس بات کی واضح یقین دہانیوں کے پیش نظر کہ ان کی ریلی سے سری نگر ہائی وے کو کسی قسم کی تکلیف یا بلاک کرنے یا عوام کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور یہ کہ ریلی پرامن اور قانونی طریقے سے چلائی جائے گی، پی ٹی آئی کو سیکٹر ’ایچ نائن اور ’جی نائن‘ کے درمیان واقع گراؤنڈ میں ایک اجتماع منعقد کرنے کی ہدایت کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان یقین دہانیوں کے باوجود پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے ہدایات کو صریح نظر انداز کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو ڈی چوک پہنچنے کی تلقین کی اور یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ عدالت نے بغیر کسی شرط کے مارچ کی اجازت دی تھی۔

توہین عدالت کی درخواست میں عوام بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت عظمیٰ کے حکم پر عمل درآمد کی استدعا کی گئی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ: عمران خان کو نظر بند کرنے کا منصوبہ تیار

دوسری جانب حکم امتناع کی درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا موجودہ حکمرانوں اور ریاستی اداروں کے خلاف اپنی تقریروں میں اپنایا ہوا لہجہ ’انتہائی اشتعال انگیز‘ تھا، جس کا مقصد عدم اعتماد اور توہین کی حوصلہ افزائی اور بغاوت کو ہوا دینا تھا۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس سے نہ صرف عوام میں بلکہ عالمی برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی اس مبینہ جہاد کے اثرات کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے مارچ کو بلا روک ٹوک اور بے ضابطگی کے جانے دیا گیا تو اس سے نہ صرف پورے ملک میں سیاسی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پیدا ہوجائے گی بلکہ وفاقی حکومت کی توجہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششوں سے جڑواں شہروں کے مکینوں کی زندگیوں پر اثرات دور کرنے کی جانب مبذول ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی لانگ مارچ کے خلاف طاقت کے مکمل استعمال کا فیصلہ

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ پارٹی سربراہ کے ماضی کے طرز عمل، خاص طور پر 25 مئی کے واقعات اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، سرکاری اور نجی املاک کو تباہ کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کی ان کی مبینہ حوصلہ افزائی کو دیکھتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے ان کے آئندہ احتجاج کے بارے میں سخت ہدایات کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024