• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

گندم کا بحران: پنجاب اور خیبرپختونخوا کا حکومت کی پیشکش قبول کرنے سے انکار

شائع October 20, 2022
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب کے بعد گندم کی پیداوار طلب سے کم ہونے کا امکان ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب کے بعد گندم کی پیداوار طلب سے کم ہونے کا امکان ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد گندم کی پیداوار طلب سے کم ہونے کا امکان ہے، حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر گندم کے اعلیٰ معیار کے بیجوں کی تقسیم کا منصوبہ بنایا ہے لیکن پنجاب اور خیبرپختونخوا نے یہ پیشکش مسترد کردی ہے۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے آنے والی امداد کی تمام رقوم متاثرین تک پہنچائی جارہی ہیں اور اب تک 68 ارب روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گندم کی پیداوار میں کمی کے باعث غذائی تحفظ سنگین خطرات سے دوچار

انہوں نے کہا کہ سیلاب 1700 سے زائد جانیں نگل چکا ہے، ان کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے وفاقی حکومت کا 10 لاکھ روپے کا پیکج طے کیا گیا تھا، این ڈی ایم اے نے یہ رقوم مؤثر انداز میں تقسیم کی ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین میں 88 کروڑ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کی جانب سے آنے والی امداد بھی این ڈی ایم اے کے ذریعے چاروں صوبوں کے متاثرین میں تقسیم کی گئی، سردیوں کی آمد کے پیش نظر چین کی جانب سے ’وِنٹر ٹینٹس‘ بھیجے جارہے ہیں وہ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد گندم کی پیداوار طلب سے کم ہونے کا امکان ہے جس کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، احسن اقبال اور طارق بشیر چیمہ نے صوبوں کے ساتھ یہ پلان بنایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وفاق اور صوبے مل کر گندم کے اعلیٰ معیار کے بیج تقسیم کریں گے، 50 فیصد حصہ وفاق دے گا۔

مزید پڑھیں: سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی عدم تحفظ میں اضافے کا خدشہ

وزیر اعظم نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان نے اس پیشکش پر فوری طور پر ہامی بھری لیکن خیبر پختونخوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج پھر میں اس اجلاس کے ذریعے خیبر پختونخوا اور پنجاب سے درخواست کروں گا کہ اس پیشکش کو قبول کریں، اس معاملے میں کوئی سیاست نہیں ہے، پاکستان سب کا سانجھا ملک ہے، یہ کوششیں ذاتی و سیاسی پسند ناپسند سے بالاتر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود اگر آپ کسی بھی وجوہات کی بنیاد پر یہ پیشکش قبول نہیں کرنا چاہتے تو یہ آپ کا اپنا فیصلہ ہے، وفاق کو ذمہ دار نہ ٹھہرائیے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے کچھ حصوں میں غذائی تحفظ کی صورتحال بدتر ہونے کا اندیشہ

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی، پہلے سیلاب کے سبب تباہی پھیلی پھر سیلاب سے جمع ہونے والے پانی سے بیماریں پیدا ہونے لگیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی لاکھ ٹن گندم درآمد کی جاچکی ہے، خدشہ ہے کہ ضرورت کے مطابق ہدف پورا نہ کر سکیں گے، اس کے لیے بھی انتظام کیا گیا ہے، نجی سیکٹر کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت گندم کی اجازت نہیں دے رہی، میں اس کی اجازت نہیں دے سکتا کہ نجی سیکٹر اپنی مرضی کی قیمتوں پر گندم منگوالے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے سبب ذرمبادلہ کے مسائل کا سامنا ہے، ایسی صورتحال میں ہم ایک ڈالر بھی اضافی نہیں خرچ کر سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024