• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایپل کی آئی فون کو ٹائپ سی چارجر کے ساتھ پیش کرنے کی تصدیق

شائع October 26, 2022
آئی فون کے بعد تقریبا تمام فونز پر ایک ہی چارجر استعمال ہونے لگے گا—فائل فوٹو: ایپل
آئی فون کے بعد تقریبا تمام فونز پر ایک ہی چارجر استعمال ہونے لگے گا—فائل فوٹو: ایپل

موبائل و کمپیوٹر بنانے والی امریکی کمپنی ایپل نے تصدیق کی ہے کہ وہ یورپین یونین (ای یو) کے ایک ہی چارجر پورٹ کے قانون کے بعد آئی فون میں بھی پورٹ سی چارجر متعارف کرائے گی۔

یورپین یونین کے پارلیمنٹ نے رواں برس اکتوبر کے آغاز میں تمام موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کے لیے ایک ہی قسم کے پورٹ سی چارجر کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اب تمام کمپنیاں اپنی ڈیوائسز کو 2024 تک پورٹ سی چارجر میں متعارف کرائیں گی۔

اگرچہ اس وقت ایپل کے علاوہ زیادہ تر موبائل فونز پورٹ سی چارجر میں ہی متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاہم اب آئی فون کو بھی اسی چارجر میں پیش کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

نشریاتی ادارے ’سی این بی سی‘ کے مطابق ایپل کے مارکیٹینگ چیف گریگ جوسوک نے وال اسٹریٹ جرنل کے ٹیکنالوجی ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی کمپنی بھی پورٹ سی میں موبائل ڈیوائسز متعارف کرائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یقینی طور پر ان کی کمپنی بھی اب فونز کو پورٹ سی چارجر میں پیش کرے گی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کب تک وہ ایسے موبائلز متعارف کرائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام موبائلز اور لیپ ٹاپس کیلئے ایک ہی چارجر ہوگا، بل منظور

خیال کیا جا رہا ہے کہ ایپل آئندہ سال متعارف کرانے والے آئی فونز میں پورٹ سی چارجر دے گی۔

ایپل ہر سال ستمبر یا سال کے اختتام تک آئی فونز کو پیش کرتا ہے اور آئندہ سال آئی فون 15 کو پیش کیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر پورٹ سی چارجر دیا جائے گا۔

ایپل کی جانب سے پورٹ سی میں فونز کو پیش کیے جانے کے بعد تقریبا تمام فونز میں پورٹ سی چارجر کی سہولت میسر ہوجائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ایپل اور سام سنگ سمیت دیگر موبائل و کمپیوٹر کمپنیاں اپنی تمام ڈیوائسز کو آئندہ سال تک پورٹ سی چارجر پر منتقل کردیں گی اور دنیا بھر میں تمام ڈیوائسز کے لیے ایک ہی چارجر کا خواب یقینی ہونے کی امید ہے۔

یورپین یونین میں 27 ممالک ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنیاں صرف یورپین یونین ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایک جیسے پورٹ سی چارجر کی حامل ڈیوائسز پیش کریں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024