• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

متنازع ٹوئٹس کیس: اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے تحویل میں لے لیا

شائع December 2, 2022
گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں بند پارٹی کے سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے اسلام آباد سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا تھا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اعظم سواتی کو سینے میں شدید درد اور سانس لینے میں دشواری کے بعد آج صبح پمز (پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) منتقل کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ جب ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا تھا تو کوئٹہ پولیس نے انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کرا دیا اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔

سابق وزیر اعظم نے پی ٹی آئی سینیٹر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا افسوس ہے کہ ہمارا نظام انصاف اعظم سواتی کے بنیادی انسانی حقوق کی بار بار خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے تیار نہیں۔

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری اسد عمر نے اعظم سواتی کی گرفتار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’عدالتی فیصلہ اور میڈیکل رپورٹس آنے سے قبل ہی اعظم سواتی کو بلوچستان پولیس کے حوالے کیا جانا شرمناک ہے۔‘

اسی طرح سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تاھ کہ اعظم سواتی کی کوئٹہ منتقلی پاکستان کی عدالتوں کے انسانی حقوق ریکارڈ پر ایک اورداغ ہے، 75سال کے بوڑھے سینیٹر اور وکیل کو بے عزت کیا جا رہا ہے اور عدالتیں پاکستان کی تاریخ کو مزیدداغدار کرنے میں پیش پیش ہیں، جانے کب جج صاحبان احساس کریں گے کہ اللہ نےانھیں کس قدر اہم ذمہ داریوں سے نوازا ہے۔

دوسری جانب سے کوئٹہ پولیس نے تاحال اس معاملے پر کوئی رد عمل نہیں دیا، ڈان ڈاٹ کام کی جانب سے بھی کوئٹہ پولیس سے رابطہ کیا گیا لیکن اس کی جانب سے تاحال سینیٹر اعظم سواتی کو منتقل کیے جانے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا تھا، ایف آئی اے کی جانب سے ریمانڈ ختم ہونے سے قبل ہی اعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کے لیے جمع کی گئی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے اعظم سواتی کو 15 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل ایف آئی اے کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے اعظم سواتی کو 3 دسمبر تک 4روزہ جسمانی ریمانڈ ان کے حوالے کرنے کی منظوری دی تھی جو 3 دسمبر بروز ہفتہ مکمل ہو رہا تھا۔

اعظم سواتی کی دوسری بار گرفتاری

خیال رہے کہ 27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو فوجی افسران کے خلاف متنازع ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا، اس سے قبل انہیں 12 اکتوبر کو آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

اسلام آباد سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر (سی سی آر سی) کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمٰن کی مدعیت میں ریاست کی شکایت پر ایف آئی اے کی جانب سے اعظم سواتی کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کے خلاف مقدمہ پیکا 2016 کی دفعہ 20 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 131، 500، 501، 505 اور 109 کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں تین ٹوئٹر اکاؤنٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی اور مذکورہ اکاؤنٹس نے غلط عزائم اور مذموم مقاصد کے ساتھ ریاستی اداروں، سینئر افسران سمیت جنرل قمر جاوید باجواہ کے خلاف انتہائی جارحانہ انداز میں ٹوئٹر پر مہم کا آغاز کیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس طرح نام لے کر اور الزام عائد کرنے والی اشتعال انگیز ٹوئٹس ریاست کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلح افواج کے افسران کے درمیان تفریق پیدا کرکے بغاوت کی شرارت ہے۔‘

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اشتعال انگیز ٹوئٹس پر تبصرے کرکے ملزمان نے فوجی افسران کو ان کی ذمہ داریوں اور وفاداری سے بہکانے کی کوشش کی اور اعظم سواتی کی طرف سے یہ بار بار کوشش کی جارہی تھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 26 نومبر کو اعظم سواتی نے ایک ٹوئٹ شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا کہ وہ سینئر فوجی افسر کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے جبکہ 19 نومبر کو ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار جرنیل ہیں جس پر اعظم سواتی نے جواب دیا کہ ’شکریہ۔‘

ایف آئی آر کے مطابق 24 نومبر کو ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کی ٹوئٹ میں لکھا گیا تھا کہ ’تبدیلی کا آغاز اداروں سے کرپٹ جرنیلوں کا گند صاف کرنے سے ہونا چاہیے تھا،‘ جس پر بھی اعظم سواتی نے جواب دیا کہ ’شکریہ‘۔

ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا ہے کہ 24 نومبر کو ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ایک متنازع ٹوئٹ کیا گیا جس پر اعظم سواتی نے انتہائی جارحانہ انداز میں جواب دیا۔

ایف آئی آر کے مطابق سینیٹر کے خلاف ماضی میں بھی اسی طرح کی شکایات درج ہوئی ہیں، مزید لکھا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے ریاست کے ستونوں کے درمیان بدنیتی پیدا کرنے کی کوشش کر کے عام لوگوں اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو اکسانے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے غلط معلومات کی بنیاد پر رازداری کی خلاف وزری کی جو کسی افسر، سپاہی، سیلر یا ایئرمین کو میوٹنی یا اپنے فرائض میں کوتاہی پر اکسانے کی کوشش ہے، مزید کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات سے عوام میں خوف پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024