• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے کمی کا اعلان

شائع December 15, 2022

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 10 روپے کم کرکے 171 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 179 روپے فی لیٹر ہے جس میں 10 روپے کمی کرکے 169 روپے کردیا گیا ہے۔


پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر نئی قیمت

  • پیٹرول: 214 روپے 80 پیسے
  • ہائی اسپیڈ ڈیزل: 227 روپے 80 پیسے
  • لائٹ ڈیزل آئل: 169 روپے
  • مٹی کا تیل: 171 روپے 83 پیسے

وزیر خزانہ نے کہا کہ یکم اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 63 پیسے کمی کی گئی تھی، اسی طرح 30 ستمبر کو قیمت 237 روپے 45 پیسے تھی جو آج کمی کے بعد 214 روپے 80 پیسے ہوگئی ہے، اسی طرح فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 22 روپے 63 پیسے کی کمی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30 ستمبر کو ہائی اسپیڈ ڈیزل 247 روپے 43 پیسے فی لیٹر تھا، اکتوبر میں 12 روپے 13 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی اور آج اس میں مزید 7 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اس کے بعد مجموعی طور پر 19 روپے 63 پیسے کی کمی کے ساتھ نئی قیمت 227 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو چکی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 30 ستمبر کو فی لیٹر 197 روپے 28 پیسے تھی، جس میں تین ماہ میں تین بار کمی کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں یکم اکتوبر کو 10 روپے 78 پیسے، یکم دسمبر کو 7 روپے 50 پیسے اور آج 10 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر 28 روپے 28 پیسے کی کمی سے 169 روپے فی لیٹر ہو چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 30 ستمبر کو مٹی کے تیل کی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر تھی، جس میں یکم اکتوبر کو 10 روپے 19 پیسے، یکم دسمبر کو 10 روپے اور آج پھر 10 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر 30 روپے 19 پیسوں کی کمی کے ساتھ نئی قیمت فی لیٹر 171 روپے 83 پیسے ہوچکی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس میں پیٹرول 214 روپے 80 پیسے، ڈیزل 227 روپے 80 پیسے، مٹی کا تیل 171 روپے 83 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 169 روپے فی لیٹر ہوگا۔

اس سے قبل 30 نومبر کو وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 10 روپے اور 7 روپے 50 پیسے کمی کردی تھی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت اس وقت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہے، اس میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور اسی طرح برقرار رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مٹی کے تیل میں 10 روپے فی لیٹر کمی کی جائے گی کیونکہ سردیاں شروع ہوچکی ہیں اور یہ کم ترین آمدنی والے افراد دیہاتوں اور دور دراز علاقوں میں لوگ استعمال کرتے ہیں، اسی لیے وزیراعظم کی رہنمائی میں قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے 15 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔

اسحٰق ڈار نے نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج نافذالعمل ہیں۔

اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ ’مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چاروں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور 31 اکتوبر 2022 تک یہی قیمتیں جاری و ساری رہیں گی‘۔

وفاقی حکومت نے یکم اکتوبر 2022 کو 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 224.80 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 235.30 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت 191.83 روپے ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024