• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت 9 ڈگری تک گرنے کا امکان

شائع December 24, 2022
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں شہر پر اثر انداز ہو رہی ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں شہر پر اثر انداز ہو رہی ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کا موسم گزشتہ چند روز کے مقابلے میں مزید سرد ہوگیا، بلوچستان سے شہر میں داخل ہونے والی ہواؤں کے سبب سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی یخ بستہ ہوائیں شہر پر اثر انداز ہو رہی ہیں، آج صبح کا کم سے کم پارہ 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، آئندہ 2 روز کے دوران پارہ سنگل ڈجیٹ تک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

صبح کے وقت ہلکی دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوکر 3 کلومیٹر رہ گئی تھی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سمندری ہوائیں مکمل بند جبکہ بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل سکتی ہیں، ہوا کی زیادہ سے زیادہ رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق آئندہ 2 روز میں کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں آج سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات کے اوقات میں سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجودڑو اور گردونواح میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

اتوار کے روز بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں سکھر، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجودڑو اور گردونواح میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

پنجاب میں آج بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری،گلیات اور گردونواح میں شدید سرد اور خشک رہے گا۔

جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں شدید دھند پڑنےکا سلسلہ جاری رہے گا۔

اتوار کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور جزوی ابر آلود جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، تاہم رات کے اوقات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب اور گردونواح میں ہلکی بارش/برفباری ہو سکتی ہے۔

کل صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، تاہم پشاور، رشکئی، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ اور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کی توقع ہے۔

اتوار کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد/جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم پشاور، رشکئی، نوشہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ ا ور ڈی آئی خان میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024