• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

متحدہ عرب امارات کا 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع، اضافی ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان

شائع January 12, 2023
وزیر اعظم نے آج امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی — فوٹو: وزیر اعظم آفس
وزیر اعظم نے آج امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی — فوٹو: وزیر اعظم آفس

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کے ساتھ مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دورے پر موجود وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ابوظبی میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

اماراتی صدر نے شہباز شریف کا خیر مقدم کیا اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی برادری کی قابل قدر خدمات کو بھی سراہا۔

وزیر اعظم نے امارات کے دورے کی دعوت پر صدر محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلہ کیا اور توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے حامل قومی اور عالمی مسائل پر بھی گفتگو کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا۔

آج صبح ہی وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورہ پر ابوظبی روانہ ہوئے تھے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم 2 روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے پہلے روز آج مصروف دن گزاریں گے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ابوظبی کے صدارتی محل میں ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے دبئی میں ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم اماراتی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، وہ متحدہ عرب امارات کے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے ’واحتہ الکرامہ‘ بھی جائیں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے تھے۔

وزیر اعظم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا متحدہ عرب مارات کا یہ تیسرا دورہ ہے۔

وزیر اعظم کے دورے سے دو دن قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی تھی جس میں عسکری اور دفاعی امور زیر بحث آئے تھے اور دونوں نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024