• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے رک جائیں ورنہ لائسنس منسوخ کردیں گے، وزیر پیٹرولیم

شائع February 8, 2023
وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپ مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ رک جائیں اور اگر وہ ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ جاری رکھیں گے تو ان کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم کمپنیوں کے پاس اس وقت پاکستان میں 20 دنوں کا پیٹرول اور 29 دن کا ڈیزل موجود ہے، اگر یہ بات ٹھیک ہے کہ ہمارے پاس پیٹرول اور ڈیزل موجود ہے تو جو ٹیلی ویژن پر چل رہا ہے کہ یہاں پیٹرول کی کمی ہے یا لائن لگ گئی ہے تو اس کی کیا وجہ ہے اور وہ ذخیرہ اندوزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کچھ لوگ ہمیشہ کی طرح ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں، آپ کے اور آپ کے بچوں کے حق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور میری ان تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ رک جائیں اور آج ہی رک جائیں، اس درخواست کو تنبیہ جانیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں ہوتی ہے، ریاست کو شفقت کرنی ہوتی ہے اور ریاست کو عوام کے تحفظ کے لیے سختی بھی کرنی پڑتی ہے، اسی لیے اسے ریاست کہا جاتا ہے لہٰذا میں جو آپ سے درخواست کررہا ہوں اس کم کو زیادہ جانیے، اس کو تنبیہ جانیے اور آپ یہ بند نہیں کر پائیں گے، آپ ذخیرہ اندوزی نہیں کا پائیں گے، آپ لوگوں کے حق پر ڈاکا نہیں ڈال پائیں گے کیونکہ یہ ہمارا عزم ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کیا کہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کو اس کے بہت سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے، ہم آپ کے لائسنس منسوخ کردیں گے، آپ جو چار پانچ دن کے لیے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اس کے نتیجے میں آپ کا کاروبار چلا جائے گا اور پھر آپ اسی طرح پریس کانفرنس کرتے پھریں گے اور یہاں بیٹھ کر بلک رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذخیرہ اندوزی کررہے ہیں وہ یہ جان لیں کہ وہ حق حلال سے کمائی کرنے والے اپنے دوستوں اور عوام کی دن رات خدمت کرنے والے پیٹرول پمپ والوں کا نام خراب کررہے ہیں، آپ عزت سے روٹی کمانے والے ہر پیٹرول پمپ والے شخص کے حق پر ڈاکا ڈال رہے ہیں اور لوگوں کی نظروں میں ان کی اور اپنی تنظیم کی عزت کو گھٹا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوز رک جائیں ورنہ اگر آپ لوگوں کو تنگ کریں گے تو آپ تنگ ہوں گے، اس کے علاوہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے لگی ہے لیکن ہمارا اس وقت تیل کی قیمت میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور تیل کی قیمت کا اعلان اپنے مقررہ وقت پر بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت کی مطابقت کے مطابق کیا جائے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ کل شام سے قلت اور ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں اور آج تین مرتبہ اعدادوشمار چیک کرنے کے بعد میں یہاں حاضر ہوا ہوں، ہمارے ملک میں تیل ہے، کچھ جگہوں پر وہ تیل روکنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ آئی ایم ایف آیا ہوا ہے تو تیل کی قیمت بڑھ جائے گی اور جو تیل ہم نے روکا ہے تو اس کی قیمت ڈبل ہو جائے گی، تیل کی قیمت بھی ڈبل نہیں ہو گی اور آپ کو نقصان بھی ہو گا۔

روس سے سستے داموں تیل خریدنے کے حوالے سے سوال پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ہمارے کمرشل معاہدے کی تفصیل مارچ کے آخر تک فائنل ہو جائے گی اور تمام تفصیلات طے ہو جاتی ہیں تو ہم روس سے سستا تیل ینا شروع کردیں گے۔

اس سے قبل صوبہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول اسٹیشنز پر تیل کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ دیا تھا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 19 پیٹرول پمپز غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کر رہے ہیں لہٰذا ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے عوام کو تکلیف سے بچایا جائے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں چھوٹے اور بڑے شہروں کے متعدد پیٹرول پمپز پر پیٹرول کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں صورتحال تشویش ناک ہے جہاں متعدد پیٹرول پمپز پر یا تو ایندھن موجود نہیں ہے یا پھر گزشتہ کافی دنوں سے مبینہ طور پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے پیٹرول کی سپلائی رکنے کی وجہ سے قلت بتائی جارہی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے انفارمیشن سیکریٹری خواجہ عاطف نے کہا کہ لاہور کے 450 میں سے 70 پیٹرول پمپز پر ایندھن نہیں ہے اور شاہدرا، واہگہ، لٹن روڈ اور جین مندر کے علاقوں میں موجود پیٹرول پمپز پر پیٹرول کی قلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئل کمپنیوں کی طرف سے سپلائی میں قلت کی وجہ سے گوجرانوالہ کے 70 فیصد پیٹرول پمپز پر ایندھن نہیں ہے جبکہ فیصل آباد، اوکاڑہ اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع کے پیٹرول پمپز پر بھی کافی دنوں سے ایندھن کی قلت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024