• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی سمیت 2 افراد قتل

شائع February 16, 2023
مقتول اپنے اہلِخانہ کے ہمراہ بہن سے ملنے اسے کے گھر جارہا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
مقتول اپنے اہلِخانہ کے ہمراہ بہن سے ملنے اسے کے گھر جارہا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ایک شخص کو ڈکیتی مزاحمت پر اس کے اہلِ خانہ کے سامنے قتل کردیا گیا، ایک اور واقعے میں بائیک چھیننے میں مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار دی گئی۔

خواجہ اجمیر نگری پولیس کے مطابق 35 سالہ مزمل بشیر کو سیکٹر 2 میں 4-جے بس کے اڈے کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

مقتول اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پی آئی بی میں واقع اپنی بہن کے گھر سے واپس آرہا تھا۔

پولیس نے مقتول کی بہن راحیلہ گلزار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مدعیہ کا کہنا تھا کہ ان کا بھائی مزمل احمد بدھ کی رات اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مجھ سے ملنے آنے کے لیے رات ساڑھے 11 بجے اپنے گھر سے نکلا۔

ایف آئی آر کے مطابق جب مزمل نارتھ کراچی سیکٹر 2 کے جمعرات بازار گراؤنڈ کے نزدیک پہنچا تو ایک مسلح شخص نے اس کی اہلیہ سے پرس چھیننے کی کوشش کی۔

مدعیا کے مطابق جب اس کے بھائی نے مزاحمت کی تو مسلح شخص نے اس پر فائر کردیا، جس کے نتیجے میں ایک گولی مزمل کے سر پر لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔

شکایت گزار نے بتایا کہ ان کی 17 سالہ بھتیجی جو اس وقت اپنے والد کے ساتھ ہی تھی اس نے فون کر کے انہیں واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد وہ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے۔

خاتون کے مطابق ان کے بھائی کو ایمبولینس میں عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا لیکن دورانِ علاج وہ دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور 397 کے تحت مقدمہ درج کرلیا، مقتول 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی بتایا جارہا ہے۔

مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل

اس کے علاوہ منگھوپیر کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو گولی مار کر قتل کرنے پر مشتعل ہجوم نے مشتبہ ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے ایس پی محمد قیس خان نے کہا کہ غازی آباد میں 2 مسلح افراد نے ایک شہری سے ہونڈا-125 چھیننے کی کوشش اور مزاحمت پر اسے گولی ماردی۔

زخمی ہونے والے فرد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت 28 سالہ فہد کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا جن کے ساتھ موقع پر پہنچنے والی گشت پر مامور پولیس بھی گئی۔

اجتماع گاہ روڈ پر قطبہ مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے فرار ہوتے ہوئے دوبارہ فائرنگ کی جس کے نتیجےمیں ایک چھوٹی بچی اور راہگیر زخمی ہوگیا۔

بعد ازاں دو میں سے ایک ملزم ہجوم کے ہتھے چڑھ گیا جسے انہوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس اسے چھڑا کر ہسپتال پہنچانے میں کامیاب رہی۔

پولیس سرجن کا کہنا تھا ملزم کی حالت تشویشناک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024