• KHI: Maghrib 7:04pm Isha 8:27pm
  • LHR: Maghrib 6:46pm Isha 8:16pm
  • ISB: Maghrib 6:55pm Isha 8:28pm
  • KHI: Maghrib 7:04pm Isha 8:27pm
  • LHR: Maghrib 6:46pm Isha 8:16pm
  • ISB: Maghrib 6:55pm Isha 8:28pm

یوکرینی صدر کا اقوام متحدہ میں حمایت حاصل کرنے کیلئے صدر مملکت کو فون

شائع February 23, 2023
دونوں رہنمائوں نے توانائی اور غذائی تحفظ کے امور پر بھی بات چیت کی—فوٹو:اے پی پی
دونوں رہنمائوں نے توانائی اور غذائی تحفظ کے امور پر بھی بات چیت کی—فوٹو:اے پی پی

یوکرین پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ووٹنگ سے قبل صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو فون کیا اور پاکستان سے اس قرارداد کے مسودے کے لیے حمایت مانگی جس میں ان کے ملک میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپوٹ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے توانائی اور غذائی تحفظ کے امور پر بھی بات چیت کی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس نیویارک میں ہوا جس میں اس قرارداد پر غور کیا گیا جس میں خطے میں پائیدار قیام امن کا مطالبہ کیا گیا، قرار داد پر بیلاروس اور روس کے بعد یوکرین نے بحث کا آغاز کیا۔

یوکرین، امریکا اور دیگر بڑی عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کے دیگر اراکین سے قرارداد کے لیے زیادہ حمایت کی امید کر رہی ہیں، بھارت کی طرح پاکستان نے بھی اب تک یوکرین پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ووٹنگ سے گریز کرتے ہوئے غیر جانب دار کردار ادا کیا ہے۔

تقریباً 60 ممالک کی جانب سے اسپانسر کردہ قرارداد کے مسودہ میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یوکرین میں جلد از جلد، جامع، منصفانہ اور دیرپا امن تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

یہ قرارداد اقوام متحدہ کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کے عزم کی توثیق کرتی ہے اور اس میں لڑائی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد کا متن روس سے مطالبہ کرتا ہے کہ روس فوری اور غیر مشروط طور پر اپنی تمام فوج یوکرین کی سرزمین سے واپس بلا لے۔

صدر مملکت کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کیا، دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق پاکستان اور یوکرین کے صدور نے روس۔ یوکرین جنگ کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش توانائی اور خوراک کے مسائل پر بھی گفتگو کی، دونوں ملکوں کے صدور نے پاکستان اور یوکرین کے باہمی فائدے کیلئے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر دلادیمیر زیلنسکی نے اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرین روس تنازع کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت طلب کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ِ پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، یوکرین کے صدر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔

یوکرین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دلادیمیر زیلنسکی کا فون وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا کی اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ میونخ میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا جب کہ کیف نے باضابطہ طور پر اسلام آباد سے اپنے امن فارمولے کی حمایت کرنے کو کہا۔

کارٹون

کارٹون : 6 مئی 2025
کارٹون : 4 مئی 2025