• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

شمیم نقوی کی سندھ اسمبلی میں کپڑے اتارنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل

شائع March 7, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے ایوان میں کپڑے اتارنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس شمیم نقوی عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے پہلے اپنی ٹوپی اتارتے ہیں اور پھر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو مخاطب ہوتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ یہاں تک نہیں رکیں گے۔

فردوس شمیم نقوی نے رواں ہفتے ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے اور صوبائی حکومت کی توجہ مسائل پر دلاتے ہوئے ایوان میں کپڑے اتارنے کی کوشش کی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس شمیم نقوی سندھ کے عوام کے مسائل کی بات کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ان کی روایت ہے کہ وہ جب بھی عوامی مسائل پر بات کرتے ہیں تو سر سے ٹوپی اتار دیتے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ٹوپی اتاریں گے بلکہ وہ اپنی شیروانی بھی اتار دیں گے اور پھر انہوں نے اپنی سیاہ شیروانی بھی اتار دی۔

شمیم نقوی کی جانب سے کپڑے اتارنے کی کوشش کے دوران اسمبلی ارکان مسکراتے بھی رہے اور ان کی کوشش پر انہیں روکتے بھی رہے جب کہ اسپیکر اسمبلی بھی ان کے عمل پر بیان بازی کرتے دکھائی دیے۔

ویڈیو میں شمیم نقوی کی جانب سے شیروانی اتارنے کے بعد قمیض اتارنے کی کوشش کے دوران اسمبلی میں ہنگامہ ہوگیا اور ارکان نے انہیں ایسا کرنے سے روکا جب کہ اسپیکر اسمبلی نے انہیں یاد دلایا کہ مقدس ایوان میں خواتین ارکان بھی موجود ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

اسپیکر اور ارکان کی جانب سے روکے جانے کے بعد شمیم نقوی نے قمیض اتارنے کا ارادہ ترک کردیا، تاہم بتایا کہ وہ سید خاندان سے ہیں اور انہیں ان کی تہذیب یہی سکھاتی ہے کہ جب بھی عوامی مسائل پر بات کی جائے تو ٹوپی اتار کر بات کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد عوامی مسائل پر بات کرتے وقت اپی قمیض کی آستینیں اوپر کرکے بات کرتے ہیں جب کہ وہ سر پر ٹوپی بھی نہیں پہنتے۔

شمیم نقوی نے کہا کہ انہیں ان کے گھر اور آباؤ و اجداد کی تہذیب یہی سکھاتی ہے اور ان کے اسی جملے پر اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی تہذیب یہی سکھاتی ہیں کہ کپڑے اتار دیے جائیں؟

اسپیکر اسمبلی کے جملے پر ایوان میں بیٹھے تمام مرد و خواتین اراکین ہنس پڑتے ہیں اور شمیم نقوی صاحب کپڑے اتارنے کا ارادہ ترک کرکے مسائل پر بات کرنے لگتے ہیں۔

شمیم نقوی کی جانب سے ایوان میں کپڑے اتارنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر طرح طرح کے تبصرے بھی کیے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024