• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

چین سے اسٹیٹ بینک کو 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، وفاقی وزیر خزانہ

شائع March 17, 2023
وزیر خزانہ نے کہا کہ چینی بینک سے فنڈز کی وصولی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خزانہ نے کہا کہ چینی بینک سے فنڈز کی وصولی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک (آئی سی بی سی) سے 50 کروڑ موصول ہو گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اکاؤنٹ میں چینی بینک آئی سی بی سی سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ روز ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ چین سے مزید50 کروڑ ڈالر کے حصول کےلیے دستاویزی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے اور جلد ہی یہ فنڈز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو جاری ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ چینی بینک نے پاکستان کےلیے 1.3 ارب ڈالر کے رول اوور کی منظوری دی تھی جو پاکستان نے حال ہی میں چینی بینک کو ادا کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قسط ملنے سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے 4 مارچ کو بتایا تھا کہ چین کے آئی سی بی سی نے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی سہولت کے رول اوور کی منظوری دے دی اور 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم 3 اقساط میں ملے گی، جس کی 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہو چکی ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

اس سے قبل چین کے ترقیاتی بینک کی جانب سے 25 فروری کو 70 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے تھے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بتایا تھا کہ الحمداللہ، چین کے ترقیاتی بینک کی جانب سے 70 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔

انہوں نے 22 فروری کو بتایا تھا کہ چین کے ترقیاتی بینک کے بورڈ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی سہولت کی منظوری دے دی۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے ہفتہ وار اعداد وشمار جاری کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد مجموعی قومی ذخائر 9.85 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ نے بتایا تھا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 مارچ سے بڑھ کر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

مرکزی بینک نے مزید بتایا تھا کہ کمرشل بینکوں کے مجموعی ذخائر 5 ارب 52 کروڑ 77 لاکھ ڈالر ہیں اور یوں ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024