• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وفاقی تحقیقاتی ادارے کا فرحت شہزادی کے ریڈ وارنٹ کیلئے انٹرپول سے رابطہ

شائع May 6, 2023
—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فرحت شہزادی عرف فرح خان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ حاصل کرنے کے لیے رابطہ کر لیا، جنہیں منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں انٹرپول کے ڈائریکٹر کو لکھے گئے خط میں ایف آئی اے نے لاہور میں ایف آئی اے انسداد منی لانڈرنگ سرکل کی ایف آئی آر 04/23 میں مفرور فرحت شہزادی کا ریڈ وارنٹ طلب کیا ہے۔

انٹرپول کے مطابق ریڈ وارنٹ بین الاقوامی گرفتاری کا وارنٹ نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ایک درخواست ہے کہ ’کسی شخص کو حوالگی، ہتھیار ڈالنے یا اسی طرح کی قانونی کارروائی کے لیے تلاش اور عارضی طور پر گرفتار کیا جائے‘۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے متعدد رہنما بشمول وفاقی کابینہ کے اراکین حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ وہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو اجازت دے کہ وہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی کو ملک میں واپس لائے تاکہ وہ اپنے خلاف کیسز کا سامنا کرسکیں۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے عثمان بزدار کے دور حکومت میں فرحت شہزادی کو پنجاب کی ’اصل وزیراعلیٰ‘ قرار دیا تھا۔

فرحت شہزادی نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ کو ’توہین آمیز‘ بیان اور دبئی کی کاروباری شخصیت، ایک بڑے نیوز چینل اور اس کے اینکر کے خلاف ان پر توشہ خانہ تحائف کی فروخت میں ملوث ہونے کا الزام لگانے پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔

گزشتہ برس پی ٹی آئی سربراہ کی تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے بے دخلی کے بعد فرح خان ملک چھوڑ کر باہر چلی گئیں۔

خط میں لکھا کہ ایف آئی اے کروڑوں روپے منی لانڈرنگ کے الزامات میں ان کے خلاف تحقیقات کررہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ فرحت شہزادی عرف فرح گوگی 3 اپریل 2022 کو متحدہ عرب امارت (یو اے ای) فرار ہو گئی تھیں کیونکہ انہیں خطرہ تھا کہ ان کا گھناؤنا جرم بے نقاب ہوسکتا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انٹرپول سے درخواست کی منظوری کی درخواست کی اور ریڈ وارنٹ کے جلد اجرا کے لیے کارروائی کو فرانسیسی شہر لیون میں واقع اس کے ہیڈ کوارٹر بھیجے۔

ایف آئی اے نے کہا کہ ایک بار جب فرحت شہزادی کا ریڈ وارنٹ جاری ہو گیا تو وہ بیرون ملک ان کی گرفتاری پر زور دے گی۔

ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں فرحت شہزادی کے شوہر احسن جمیل گجر سے بھی تفتیش کر رہی ہے، وہ امریکا میں موجود ہیں، فرحت شہزادی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ بھی یو اے ای چھوڑ چکی ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ امریکا یا کسی دوسرے ملک میں رہائش پذیر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024