• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کا پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کا اعلان

شائع May 31, 2023
وزیرخزانہ نے اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا—فوٹو: ڈان نیوز
وزیرخزانہ نے اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ یکم جون سے اگلے 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا تعین ہونا ہے اور اس حوالے سے پچھلے 15 دنوں میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی زیادہ رد وبدل نہیں ہوا اور نہ ہی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کوئی بہتری آئی ہے۔


پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں:

  • پیٹرول فی لیٹر 262 روپے
  • ڈیزل فی لیٹر 253 روپے
  • لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر 147 روپے 68 پیسے
  • مٹی کا تیل فی لیٹر 164 روپے 7 پیسے

ان کا کہنا تھا کہ تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پھر بھی کوشش کی گئی جتنی بھی گنجائش ہو نکال کر عوام کو دیا جائے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ حکومت نے پچھلی دفعہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 روپے کمی کی تھی اور اس میں مزید 5 روپے کی کمی کی جا رہی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے ہے اور وہ رات 12 بجے کے بعد 253 روپے فی لیٹر ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں پچھلی دفعہ 12 روپے کم کردی گئی تھی اور آج اس میں مزید 8 روپے کی کمی کرکے مجموعی طور پر 20 روپے کمی ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت آج رات سے 262 روپے کی جا رہی ہے اور یوں دو ہفتوں کے اندر 20 روپے کی کمی ہوگی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے کی کمی ہوئی تھی اور مزید 5 روپے کمی کی جا رہی ہے اور 150 روپے 68 روپے قیمت تھی وہ 147 روپے 68 پیسے نئی قیمت ہو جائے گی، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں مجموعی طور پر 17 روپے کی کمی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 164 روپے 7 پیسے ہے، اس میں پچھلی دفعہ 12 روپے کمی کی گئی تھی لیکن آج کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا اور بدستور 164 روپے 7 پیسے رہے گا۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ان قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ قیمتیں 15 جون کو رات 12 بجے تک ملک بھر میں برقرار رہیں گی۔

اس سے قبل 15 مئی کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 16 مئی سے 31 مئی تک کرنا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کی ہر مہینے بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف بین الاقوامی مارکیٹ کی بنیاد پر پاس کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرول کی نئی قیمت 282 روپے سے کم ہو کر 270 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 288 روپے سے کم ہو کر 258 روپے فی لیٹر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل میں 12 روپے فی لیٹر کم کی جا رہی ہے اور اس کی قیمت 176 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر نئی قیمت ہو جائے گی۔

وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے مقرر کی جا رہی ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹرز اور ڈیزل کے استعمال والے مختلف محکموں اور اداروں سے گزارش ہے کہ وہ کرایوں اور دیگر مد میں عوام کو ریلیف دیں تاکہ عوام کو بھی براہ راست قیمتوں میں فرق ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ جب قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کرایہ بڑھا دیتے ہیں، سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے، اس لیے پاکستان کے عوام کے لیے کرایوں اور باقی معاملات میں کمی کا اعلان کریں۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 16 اپریل کو پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 10 روپے اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 272 سے بڑھ کر 282 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی تاہم یکم مئی کو پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی تھی جبکہ دیگر مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمت اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہے گی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں 10 روپے فی لیٹر کم ہو کر بالترتیب 164روپے 68 پیسے اور 176 روپے 07 پیسے فی لیٹر کی جا رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024