• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شمالی وزیرستان: بم دھماکے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

شائع June 20, 2023
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں—فوٹو:آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں—فوٹو:آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دیسی ساختہ بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دیسی ساختہ دھماکے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی گل رؤف اور ضلع کرک کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عابد اللہ شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئر نس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ 11 جون کو بھی خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران 3 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال کے عرصے کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں کئی فوجی جوان اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

اس سے قبل 5 جون کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں 2 اہلکار شہید جب کہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 دیگر دہشت گردوں کو زخمی بھی کردیا تھا۔

مذکورہ واقعے سے ایک دن قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ دو دہشت گردی بھی مارے گئے تھے۔

اس سے قبل 22 مئی کو خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے جبکہ 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024