• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اسٹیٹ بینک کے 75ویں یوم تاسیس پر 75 روپے کے نوٹ کی رونمائی

شائع July 4, 2023
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں واقع اسٹیٹ بینک میوزیم میں 75 روپے کے نوٹ کی رونمائی کی— فوٹو بشکریہ اسٹیٹ بینک ویب سائٹ
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں واقع اسٹیٹ بینک میوزیم میں 75 روپے کے نوٹ کی رونمائی کی— فوٹو بشکریہ اسٹیٹ بینک ویب سائٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر 75روپے کے نوٹ کا باضابطہ طور پر اجرا کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ٹوئٹر پر 75 روپے کے نوٹ کے اجرا کا باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا اور 4 جولائی 2023 کو گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں واقع اسٹیٹ بینک میوزیم میں 75 روپے کے نوٹ کی رونمائی کی۔

اسٹیٹ بینک میں منعقدہ خصوصی تقریب میں گورنر جمیل احمد نے 75 روپے کے نوٹ کی رونمائی کے بعد ماضی میں اسٹیٹ بینک کی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک کے تزویراتی منصوبے وژن 2028 کے بارے میں بات کی۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے خطاب کے بعد یادگاری بینک نوٹ کی ایک ویڈیو پیش کی گئی جس میں مہمانوں کو کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کے عناصر اور خصوصیات کا جائزہ پیش کیا گیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانس اینڈ رسک مینجمنٹ محمد ہارون رشید نے بینک نوٹ کے ڈیزائن سے لے کر طباعت تک کے ارتقائی عمل کے بارے میں بات کی اور نوٹ کے رنگ اور ڈیزائن کے عناصر کے پس منظر فلسفے کی بھی وضاحت کی اور نوٹ کی قانونی حیثیت پر روشنی ڈالی۔

اس بینک نوٹ پر نیلا رنگ غالب ہے جسے مرکزی وابستہ استحکام کے انعکاس کے لیے منتخب کیا گیا ہے، اس نئے بینک نوٹ کی ایک خاص بات معروف خطاط اور مصور سید صادقین احمد نقوی کی جانب سے تخلیق کردہ اسٹیٹ بینک کی عمارت کا ایک مخصوص خاکہ ہے جس کے ساتھ نوٹ کے سامنے کے حصے میں قائد اعظم کی روایتی تصویر ہے۔

نوٹ کا عقبی حصہ اسٹیٹ بینک کی ’برابری پر بینکاری‘ مہم سے منسوب ہے جس کی علامت کے طور پر محترمہ فاطمہ جناح کی تصویر موجود ہے، عقبی حصے پر ونڈ ٹربائن اور سولر پینل کی عکاسی کی گئی ہے جو توانائی کے قابل تجدید اور ماحول دوست ذرائع کے استعمال کے حوالے سے پاکستان کا عزم اجاگر کرتا ہے۔

یہ نیا بینک نوٹ عوام کو جاری کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور تمام کمرشل بینکوں کی شاخوں پر دستیاب ہے اور اسے روزمرہ لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر 75 روپے مالیت کا ایک یادگاری بینک نوٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نوٹ سے متعلق اپنے بیان میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی بینک ایک یادگاری نوٹ جاری کر رہا ہے اور 75 روپے مالیت کا یہ نوٹ ستمبر 2022 کے آخری ہفتے میں دستیاب ہوگا۔

مذکورہ نوٹ پر سبز رنگ غالب تھا جس میں ان ممتاز اکابرین ملت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا جنہوں نے بلاامتیاز رنگ و نسل برصغیر کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے مسلمانوں کو ایک وحدت ملی میں پرو کر تشکیل و تکمیل پاکستان میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024