• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان اے کی فتح نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل کی یاد تازہ کردی‘

شائع July 24, 2023
— فوٹو: ٹوئٹر
— فوٹو: ٹوئٹر

ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی پر چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل کی یاد تازہ ہوگئی جب لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شاہینوں نے بھارت کو ڈرامائی شکست سے دوچار کیا تھا۔

گزشتہ روز سری لنکا کے شہر کولمبو میں ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 کا فائنل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا، بھارتی ٹیم کے کپتان یش دھول نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے غلط ثابت ہوا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بناتے ہوئے بھارت کی اے ٹیم کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جیت پر بابر اعظم، شاہد آفریدی سمیت شائقین نے ٹوئٹر پر تبصرے کیے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کی اور سماجی پلیٹ فارم پر ’مبارک ہو پاکستان‘ ٹاپ ٹینڈ رہا۔

فائنل جیتنے کے بعد پاکستان شاہینز کی ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے پلیئرز نے شاہینز کا تالیاں بجاکر استقبال کیا، بابر اعظم، شاہین آفریدی ، سرفراز اور حسن علی نے نوجوان پلیئرز کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔

کرکٹرز نے جیت کا جشن روایتی انداز میں کیک کاٹ کر منایا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایمرجنگ کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار ملاقات کی اور انہیں کرکٹ سے متعلق مفید مشورے بھی دیے۔

سوشل میڈیا پر بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کی پاکستان ایمرجنگ کھلاڑیوں سے ملاقات کی ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

ہوٹل کی لابی میں فینز بھی ایمرجنگ پاکستانی شاہینوں کو مبارک باد دینے جمع ہوئے، واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ اسکواڈ سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا میں موجود ہے۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی ایمریجنگ کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’جس طرح شاہینوں نے پورا ٹورنامنٹ بالخصوص فائنل کھیلا ہے وہ زبردست ہے، یہ وہی جنون ہے جو پوری دنیا میں ہماری کرکٹ کی نمائندگی کے لیے ہمیشہ ضروری ہے۔‘

فخر زمان نے بھی خوشگوار موڈ میں لکھا کہ ’اہم میچ کے فائنل میں پہنچ کر آپ سپُر اسٹار بنتے ہیں، کمال کردیا لڑکوں‘۔

ایمرجنگ کھلاڑیوں کی بھارت کے خلاف جیت پر مایاناز کھلاڑی شاہد آفریدی بھی داد دیے بنا نہ رہ سکے، انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’پاکستان ٹیم کو ٹائٹل جیتتے دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے، پورے ٹورنامنٹ میں حیرت انگیز جذبہ دیکھنے کو ملا، طیب طاہر کی سنچری بھی دیکھنے کے قابل تھی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کا شاندار آغاز اہم تھا، اسی جذبے کو جاری رکھیں اور آپ مزید ٹائٹل جیتتے رہیں۔‘

بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر دنیش کارتک نے بھی پاکستانی شاہینوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ اس میچ نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل کی یاد تازہ کر دی، جہاں پاکستان نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔

ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان کی جیت پر صرف کھلاڑیوں نے ہی نہیں بلکہ سیاستدانوں نے بھی شاہینوں کو مبارک دی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ایک ہی دن میں کھیلوں کی دنیا سے پاکستان کے لیے دو بڑی خوشخبریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ہم کھلاڑیوں کی مزید کامیابیوں کے منتظر ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ میں 15 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں جب بابر اعظم پورے بھارت کے سامنے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائیں گے، ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور ان کی صلاحیت پر یقین ہے کہ اللہ نے چاہا تو وہ جیت کر آئیں گے۔

آباد علی نے لکھا کہ ’گزشتہ روز بھارت کی دھلائی دیکھ کر مزہ آیا‘۔

ایک اور کرکٹ مداح نے آئی سی سی کی جانب سے جاری ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے پروموشنل ویڈیو جاری کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے ہمیں پرومو سے ہٹایا تھا ہم نے آپ کو فائنل سے باہر کردیا۔‘

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024